فیفا ورلڈ کپ 2026:میسی نے نئے ریکارڈز اپنے نام کر لیے

ورلڈ کپ کی تاریخ میں یہ صرف تیسرا موقع ہے کہ سیمی فائنل میں پہنچنے والی چاروں ٹیمیں سابق عالمی چیمپئن ہیں

July 12, 2026 · اسپورٹس

فیفا ورلڈ کپ 2026 کے کوارٹر فائنلز کے اختتام کے بعد کئی نئے ریکارڈز قائم ہوئے، جن میں ارجنٹائن کے کپتان لیونل میسی، ان کے ساتھی جولین الواریز اور انگلینڈ کے جوڈ بیلنگھم نمایاں رہے۔

کوارٹر فائنل مرحلے میں ارجنٹائن نے اضافی وقت میں سوئٹزرلینڈ کو 1-3 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی، جبکہ انگلینڈ نے ناروے کو 1-2 سے ہرا کر آخری چار ٹیموں میں رسائی حاصل کی۔

ٹورنامنٹ کے دوران ایک منفرد ریکارڈ بھی قائم ہوا، جہاں 1992 میں فیفا رینکنگ متعارف ہونے کے بعد پہلی مرتبہ ٹاپ چار سیڈڈ ٹیمیں سیمی فائنل تک پہنچنے میں کامیاب ہوئیں۔

ورلڈ کپ کی تاریخ میں یہ صرف تیسرا موقع ہے کہ سیمی فائنل میں پہنچنے والی چاروں ٹیمیں سابق عالمی چیمپئن ہیں۔ اس سے قبل ایسا منظر 1970 اور 1990 کے عالمی کپ میں بھی دیکھنے میں آیا تھا۔

لیونل میسی نے رواں ورلڈ کپ میں اپنی شاندار فارم برقرار رکھتے ہوئے اب تک 20 ایسے مواقع پیدا کیے جن پر ساتھی کھلاڑیوں نے شاٹ لیا۔ اس کارکردگی کے ساتھ وہ 1966 کے بعد پہلے فٹبالر بن گئے ہیں جنہوں نے تین مختلف ورلڈ کپ ایڈیشنز میں یہ اعزاز حاصل کیا۔

میسی نے الیکسس میک الیسٹر کے گول میں معاونت کرتے ہوئے ورلڈ کپ میں اپنی مجموعی اسسٹس کی تعداد 10 تک پہنچا دی، جو 1966 کے بعد کسی بھی کھلاڑی کی سب سے زیادہ اسسٹس ہیں۔ اس طرح انہوں نے ڈیاگو میراڈونا کے 8 اسسٹس کا ریکارڈ بھی پیچھے چھوڑ دیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ورلڈ کپ میں یہ میسی کی پہلی کارنر کِک اسسٹ بھی تھی۔