ایران کے ڈرون حملوں پر عمان کا احتجاج، ایرانی سفیر طلب
یہ احتجاجی نوٹ انڈر سیکرٹری برائے انتظامی و مالیاتی امور خالد بن حشیل المصلحی کی جانب سے ایرانی سفیر کے حوالے کیا گیا۔
عمان نے اپنے علاقوں پر ایران سے منسوب ڈرون حملوں کے بعد سخت ردعمل دیتے ہوئے ایرانی سفیر کو طلب کر لیا اور باضابطہ احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔
عمانی وزارتِ خارجہ کے مطابق اتوار کو ایرانی سفیر موسیٰ فرہنگ کو وزارتِ خارجہ طلب کیا گیا، جہاں انہیں مسندم اور الوسطیٰ گورنریٹ میں پیش آنے والے ڈرون حملوں پر احتجاجی مراسلہ دیا گیا۔
وزارت کے مطابق یہ احتجاجی نوٹ انڈر سیکرٹری برائے انتظامی و مالیاتی امور خالد بن حشیل المصلحی کی جانب سے ایرانی سفیر کے حوالے کیا گیا۔
عمانی حکام نے ان کارروائیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہر ملک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام کیا جانا چاہیے۔ بیان میں اچھے ہمسایہ تعلقات برقرار رکھنے اور ایک دوسرے کے داخلی معاملات میں مداخلت سے گریز کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔
وزارتِ خارجہ نے کہا کہ عمان خطے میں امن، استحکام اور سفارتی ذرائع سے مسائل کے حل کی حمایت جاری رکھے گا، جبکہ حالیہ صورتحال پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔