وزیراعظم شہباز شریف تعزیت کے لیے قطر پہنچ گئے، امیرِ قطر سے بھی ملاقات کریں گے
وزیراعظم کے ہمراہ سابق وزیراعظم نواز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ بھی موجود ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ سرکاری دورے پر قطر کے دارالحکومت دوحہ پہنچ گئے، جہاں ان کا استقبال قطر کے نائب وزیراعظم اور وزیر مملکت برائے دفاع نے کیا۔
وزیراعظم کے ہمراہ سابق وزیراعظم نواز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ بھی موجود ہیں۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم اپنے دورے کے دوران امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ملاقات کریں گے۔ اس موقع پر وہ قطر کے سابق امیر مرحوم شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی کے انتقال پر امیرِ قطر، شاہی خاندان اور قطری عوام سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار بھی کریں گے۔
حکومتی بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم کا یہ دورہ پاکستان اور قطر کے درمیان دہائیوں پر محیط قریبی، برادرانہ اور دوستانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا بھی اظہار کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ قطر کے سابق امیر شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی گزشتہ روز 74 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے، جس پر مختلف ممالک کی قیادت کی جانب سے تعزیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔