آپریشن شعبان میں مزید 4 دہشت گرد ہلاک،تعداد 83 ہو گئی
5 جولائی سے جاری آپریشن شعبان اور دیگر انٹیلی جنس بنیادوں پر کیے گئے آپریشنز میں مجموعی طور پر 121 دہشت گرد ہلاک کیے جا چکے ہیں۔
بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کا مشترکہ آپریشن بدستور جاری ہے، جس میں پاک فوج، فرنٹیئر کور (ایف سی) بلوچستان اور پولیس حصہ لے رہی ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران زمینی اور فضائی کارروائیوں کے ذریعے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ حالیہ کارروائیوں میں مزید چار دہشت گرد مارے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق آپریشن “شعبان” کے آغاز سے اب تک ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی تعداد 83 ہو گئی ہے، جبکہ 5 جولائی سے جاری آپریشن شعبان اور دیگر انٹیلی جنس بنیادوں پر کیے گئے آپریشنز میں مجموعی طور پر 121 دہشت گرد ہلاک کیے جا چکے ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں مسلسل جاری رہیں گی اور امن و امان کی بحالی تک آپریشن کا سلسلہ برقرار رکھا جائے گا۔
واضح رہے کہ ہلاکتوں اور دیگر تفصیلات سے متعلق یہ اعداد و شمار سیکیورٹی ذرائع کی جانب سے جاری کیے گئے ہیں، جن کی آزاد ذرائع سے فوری طور پر تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔