وزیراعظم کی ترسیلاتِ زر اور ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام کو مزید وسعت دینے کی ہدایت
ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام کو فروغ دینے سے معیشت میں شفافیت، سہولت اور پائیدار ترقی کو تقویت ملے گی
وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت کیش لیس معیشت اور ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملک میں ڈیجیٹل مالیاتی نظام کے فروغ اور گزشتہ ایک سال کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام کو فروغ دینے سے معیشت میں شفافیت، سہولت اور پائیدار ترقی کو تقویت ملے گی۔ انہوں نے معاشی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ تاجروں اور عوام میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کے استعمال سے متعلق آگاہی مزید مؤثر بنائی جائے۔
وزیراعظم نے بیرونِ ملک سے پاکستان آنے والی ترسیلاتِ زر کو مرحلہ وار مکمل طور پر ڈیجیٹل نظام کے ذریعے وصول کرنے کے لیے اقدامات تیز کرنے کی بھی ہدایت دی۔ انہوں نے بینکوں اور مالیاتی اداروں پر زور دیا کہ وہ کیش لیس معیشت کے فروغ میں اپنا کردار مزید فعال بنائیں۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران ڈیجیٹل ادائیگیاں وصول کرنے والے فعال کاروباری مراکز کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جبکہ موبائل بینکنگ ایپ استعمال کرنے والوں کی تعداد بھی خاطر خواہ بڑھی ہے، جو عوام کے بڑھتے ہوئے اعتماد کی عکاسی کرتی ہے۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ نادرا کی تقریباً تمام ادائیگیاں ڈیجیٹل نظام پر منتقل ہو چکی ہیں، جبکہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے مستحقین کو بھی ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے رقوم کی فراہمی جاری ہے۔
اجلاس کو یہ بھی آگاہ کیا گیا کہ گزشتہ مالی سال کے دوران پاکستان موصول ہونے والی بیشتر ترسیلاتِ زر ڈیجیٹل ذرائع سے وصول کی گئیں۔ اس موقع پر کیش لیس معیشت سے متعلق جاری جائزہ عمل اور آئندہ سفارشات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں وفاقی وزرا، گورنر اسٹیٹ بینک، چیئرمین نادرا اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔