بلوچستان میں آپریشن شعبان جاری، مزید 3 دہشت گرد ہلاک، تعداد 88 تک پہنچ گئی

دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گی اور علاقے میں امن کی بحالی کے لیے آپریشن اس وقت تک جاری رکھا جائے گا

July 15, 2026 · اہم خبریں

بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف مشترکہ “آپریشن شعبان” بدستور جاری ہے، جس کے دوران مزید تین دہشت گرد ہلاک ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج، ایف سی بلوچستان اور پولیس مشترکہ طور پر مختلف علاقوں میں کارروائیاں کر رہی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ زمینی اور فضائی آپریشنز کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں مزید تین دہشت گرد مارے گئے۔

ذرائع کے مطابق آپریشن شعبان کے آغاز سے اب تک ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی تعداد 88 ہو چکی ہے، جبکہ 5 جولائی سے جاری مختلف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز سمیت مجموعی طور پر 126  دہشت گردوں کے مارے جانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گی اور علاقے میں امن کی بحالی کے لیے آپریشن اس وقت تک جاری رکھا جائے گا جب تک خطرات کا مکمل خاتمہ نہیں ہو جاتا۔