منافع خوری پر جھگڑا- تیل کمپنیوں کا پمپوں کو اضافی پیٹرول، ڈیزل دینے سے انکار
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث سپلائی میں کمی کی گئی ہے۔
لاہور میں آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی جانب سے پیٹرول پمپوں کو ایندھن کی سپلائی محدود کیے جانے کے بعد مختلف علاقوں میں ایندھن کی دستیابی سے متعلق خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔
پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن سینٹرل پنجاب کے صدر چوہدری نعمان مجید نے اپنے بیان میں کہا کہ شہر میں آج طلب کے مقابلے میں تقریباً 50 فیصد ایندھن فراہم کیا گیا۔ ان کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث سپلائی میں کمی کی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ محدود سپلائی کے نتیجے میں دیہی علاقوں کے تقریباً 90 فیصد جبکہ شہری علاقوں کے لگ بھگ 50 فیصد پیٹرول پمپ متاثر ہوئے ہیں۔
دوسری جانب آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کا کہنا ہے کہ درآمدی پیٹرولیم مصنوعات کی کسٹمز کلیئرنس میں تاخیر کے باعث سپلائی کا نظام متاثر ہو رہا ہے۔ کمپنیوں نے مطالبہ کیا کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔
کمپنیوں نے یہ بھی مؤقف اختیار کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر ردوبدل کا موجودہ نظام عملی طور پر مشکلات پیدا کر رہا ہے اور یہ نہ عوام کے مفاد میں ہے اور نہ ہی کاروباری سرگرمیوں کے لیے موزوں سمجھا جاتا ہے۔