ایران نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر عملدرآمد معطل کر دیا

امریکا نے مفاہمتی یادداشت کے فریم ورک کے تحت کیے گئے وعدوں کی پاسداری نہیں کی، جس کے باعث ایران نے بھی اپنے وعدے معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

July 18, 2026 · اہم خبریں

تہران: ایران نے امریکا کے ساتھ جنگ بندی اور مذاکرات کے لیے طے پانے والی اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر عملدرآمد معطل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے امریکا پر معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا ہے۔

ایرانی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایران کے نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے کہا کہ تہران نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت کیے گئے اپنے وعدوں پر عملدرآمد فی الحال روک دیا ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ امریکا نے مفاہمتی یادداشت کے فریم ورک کے تحت کیے گئے وعدوں کی پاسداری نہیں کی، جس کے باعث ایران نے بھی اپنے وعدے معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

کاظم غریب آبادی کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال میں ایران کی اولین ترجیح اپنے ملک کا دفاع ہے، اسی لیے تمام توجہ دفاعی اقدامات پر مرکوز کی جا رہی ہے۔

اس سے قبل ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی بھی واضح کر چکے ہیں کہ ایران اپنی سرزمین کے دفاع کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا اور کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

یاد رہے کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پاکستان کی ثالثی میں ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی اور مذاکرات کے لیے طے پائی تھی، جس کے تحت دونوں ممالک نے کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا تھا۔ بعد ازاں سوئٹزرلینڈ اور قطر میں مذاکرات کے مختلف ادوار بھی ہوئے، تاہم حالیہ دنوں میں دونوں ممالک کے درمیان دوبارہ حملوں اور جوابی کارروائیوں کے بعد صورتحال ایک بار پھر کشیدہ ہو گئی ہے۔

دوسری جانب ایران اور امریکا ایک دوسرے پر معاہدے کی خلاف ورزی کے الزامات عائد کر رہے ہیں، جبکہ خطے میں جاری فوجی کشیدگی کے باعث حالات بدستور غیر یقینی ہیں۔