امریکا حملوں سے اپنی فوجی ناکامی چھپانا چاہتا ہے، ایران کا دعویٰ
اسٹریٹجک بحری راستے کی صورتحال نے خطے میں طاقت کے توازن کو تبدیل کر دیا ہے۔
تہران: ایران کی پاسداران انقلاب کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا حالیہ فوجی کارروائیوں کے ذریعے اپنی مبینہ عسکری ناکامی کا ازالہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے، تاہم ایرانی مسلح افواج ہر حملے کا مؤثر جواب دے رہی ہیں۔
پاسداران انقلاب کے سیاسی امور کے نائب کمانڈر بریگیڈیئر جنرل یداللہ جیوانی نے اپنے بیان میں کہا کہ ایران کے مطابق آبنائے ہرمز پر اس کا مکمل کنٹرول برقرار ہے اور اس اسٹریٹجک بحری راستے کی صورتحال نے خطے میں طاقت کے توازن کو تبدیل کر دیا ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ امریکا خطے میں فوجی دباؤ بڑھانے اور آبنائے ہرمز سے متعلق ایرانی اقدامات کو چیلنج کرنے کی کوشش کر رہا ہے، تاہم ایران اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔
بریگیڈیئر جنرل یداللہ جیوانی نے مزید دعویٰ کیا کہ اردن، بحرین، کویت، عمان اور دیگر ممالک میں موجود امریکی فوجی مراکز کو ایرانی کارروائیوں کے دوران نقصان پہنچا ہے۔ تاہم ان دعوؤں کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی۔
ایرانی کمانڈر کا کہنا تھا کہ ایران کی مسلح افواج نے فوجی اور شہری اہداف پر ہونے والے ہر حملے کا بھرپور جواب دیا ہے اور مستقبل میں بھی کسی بھی کارروائی کا سخت ردعمل جاری رکھا جائے گا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایران اپنی قومی سلامتی اور علاقائی مفادات کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا اور موجودہ کشیدگی کے باوجود اپنے دفاعی مؤقف پر قائم رہے گا۔