فلسطین کی کھل کر حمایت کرنے والے ملک اسپین کی ورلڈ کپ میں فتح

متعدد شہروں میں فلسطینی پرچم کے ساتھ ہسپانوی پرچم بھی نمایاں طور پر نظر آئے اور شرکاء نے یکجہتی کے نعرے لگائے۔

July 20, 2026 · اہم خبریں

غزہ: فیفا ورلڈ کپ کے فائنل میں اسپین کی کامیابی کے بعد غزہ، مغربی کنارے اور دیگر فلسطینی علاقوں میں جشن کا سماں دیکھنے میں آیا۔ شہری سڑکوں پر نکل آئے، ہسپانوی اور فلسطینی پرچم لہرائے گئے جبکہ مختلف مقامات پر مٹھائیاں تقسیم کر کے خوشی کا اظہار کیا گیا۔

عینی شاہدین کے مطابق نوجوانوں اور خاندانوں کی بڑی تعداد نے ریلیوں کی صورت میں اسپین کی فتح کا جشن منایا۔ متعدد شہروں میں فلسطینی پرچم کے ساتھ ہسپانوی پرچم بھی نمایاں طور پر نظر آئے اور شرکاء نے یکجہتی کے نعرے لگائے۔

مقامی افراد کا کہنا تھا کہ اسپین کی حکومت کی جانب سے فلسطین کے حق میں اختیار کیے گئے مؤقف کے باعث فلسطینی عوام میں ہسپانوی ٹیم کے لیے خصوصی جذبات پائے جاتے ہیں۔ اسی وجہ سے ورلڈ کپ فائنل میں اسپین کی کامیابی کو فلسطینی علاقوں میں غیر معمولی پذیرائی ملی۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر بھی اسپین کی فتح اور فلسطینی علاقوں میں ہونے والے جشن کی تصاویر اور ویڈیوز تیزی سے وائرل ہوئیں۔ متعدد صارفین نے اسے کھیل کے ذریعے عالمی یکجہتی اور عوامی جذبات کے اظہار کی ایک مثال قرار دیا۔

ادھر اسپین کے دارالحکومت میڈرڈ سمیت مختلف شہروں میں بھی شائقین نے فتح کا جشن منایا، جبکہ بعض مقامات پر فلسطینی پرچم بھی لہرائے گئے اور فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی کیا گیا۔