قومی ترقیاتی منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں، وزیراعظم شہباز شریف

ملاقات میں قومی ترقیاتی ترجیحات، جاری منصوبوں کی رفتار اور مستقبل کے ترقیاتی اہداف پر بھی تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

July 20, 2026 · اہم خبریں

 اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قومی اہمیت کے تمام ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت کے اندر اعلیٰ معیار کے ساتھ مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوامی فلاح، روزگار کے مواقع میں اضافہ اور پائیدار معاشی ترقی حکومت کی اولین ترجیحات ہیں۔

وزیراعظم سے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے ملاقات کی، جس میں ملک بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے تحت منصوبوں کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔

ملاقات کے دوران وفاقی وزیر نے وزیراعظم کو مختلف منصوبوں کی موجودہ صورتحال، پیشرفت اور آئندہ کے لائحہ عمل سے آگاہ کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ وزارتیں اور ادارے باہمی تعاون اور مؤثر رابطے کے ذریعے ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد کی رفتار مزید تیز کریں تاکہ عوام کو جلد از جلد ان کے ثمرات حاصل ہو سکیں۔

انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل نہ صرف بنیادی سہولتوں کی فراہمی کو بہتر بنائے گی بلکہ ملکی معیشت کو مستحکم کرنے، سرمایہ کاری کے فروغ اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔

ملاقات میں قومی ترقیاتی ترجیحات، جاری منصوبوں کی رفتار اور مستقبل کے ترقیاتی اہداف پر بھی تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔