راولپنڈی تعلیمی بورڈ اکاؤنٹ سے 52 لاکھ نکلوانے کی کوشش ناکام،خاتون گرفتار
جعلی لیٹر کے ذریعے رقم نکلوانے کی مبینہ کوشش بینک عملے نے ناکام بنا دی
فائل فوٹو
راولپنڈی میں تعلیمی بورڈ کے اکاؤنٹ سے 52 لاکھ 45 ہزار روپے نکلوانے کی مبینہ کوشش ناکام بنا دی گئی، بینک عملے کی مستعدی سے ایک خاتون کو گرفتار کرلیا گیا۔
ایف آئی آر کے مطابق ملزمہ قرۃ العین تعلیمی بورڈ کے نام پر ڈرافٹ بنوانے کے لیے بینک پہنچی اور اپنے ہمراہ تعلیمی بورڈ کا ایک لیٹر بھی لائی۔ بینک عملے نے لیٹر میں رقم کی غلطی کی نشاندہی کرتے ہوئے اسے درست کروانے کا کہا، جس کے بعد خاتون چند منٹ بعد دوسرا لیٹر لے کر واپس آگئی۔
دوسرے لیٹر پر بینک عملے کو شبہ ہوا، جس پر تصدیق کے لیے راولپنڈی تعلیمی بورڈ کی متعلقہ برانچ سے رابطہ کیا گیا۔ تعلیمی بورڈ نے لیٹر کو جعلی قرار دے دیا، جس کے بعد فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی گئی۔
بینک منیجر کامران سعید کی مدعیت میں ملزمہ کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا، جس میں تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 420، 468 اور 471 شامل کی گئی ہیں۔
پولیس نے ملزمہ قرۃ العین، جو ضلع چکوال کی رہائشی بتائی جاتی ہے، کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا، جہاں سے اسے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔
پولیس واقعے کے دیگر پہلوؤں اور ممکنہ سہولت کاروں کی بھی تحقیقات کر رہی ہے۔