افغانستان میں تباہ کن سیلاب، 20 افراد جاں بحق،100 سے زائد لاپتا

اب تک 20 افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں جبکہ 80 سے زائد زخمیوں کو مختلف طبی مراکز منتقل کیا گیا ہے۔

July 21, 2026 · اہم خبریں

افغانستان کے شمال مشرقی صوبے نورستان میں شدید بارشوں کے بعد آنے والے سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی، جس کے نتیجے میں کم از کم 20 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ 100 سے زائد افراد لاپتا بتائے جا رہے ہیں۔

مقامی حکام کے مطابق سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں، تاہم دشوار گزار راستوں اور خراب موسمی حالات کے باعث ریسکیو ٹیموں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ اب تک 20 افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں جبکہ 80 سے زائد زخمیوں کو مختلف طبی مراکز منتقل کیا گیا ہے۔

صوبائی دارالحکومت پارون میں سیلابی ریلے اپنے ساتھ مٹی، پتھر اور ملبہ بہا لائے، جس سے دریا کے کنارے قائم ہوٹل، دکانیں اور دیگر عمارتیں شدید متاثر ہوئیں۔ کئی مقامات پر کاروباری مراکز مکمل طور پر تباہ ہو گئے جبکہ سڑکیں بھی ناقابلِ استعمال ہو گئی ہیں۔

حکام کے مطابق لاپتا افراد کی تلاش کے لیے امدادی ٹیمیں مسلسل کارروائیاں کر رہی ہیں، تاہم ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔

افغانستان کی قومی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے آئندہ دنوں میں مزید بارشوں اور طوفانی موسم کی پیش گوئی کرتے ہوئے شہریوں کو دریاؤں، ندی نالوں اور سیلابی خطرات والے علاقوں سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔ ساتھ ہی مقامی انتظامیہ کو ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔