اداروں کے خلاف پراپیگنڈے پرسہیل آفریدی کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری
3 ستمبر تک سماعت ملتوی۔آئندہ پیشی نہ ہونے پر اشتہاری قرار دینے کی کارروائی ہوگی
فائل فوٹو
اسلام آباد کی مقامی عدالت نے منگل کو وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی مسلسل عدم حاضری پر ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے جج عباس شاہ نے ریاستی اداروں پر مبینہ طور پر گمراہ کن الزامات لگانے اور ان کی ساکھ متاثر کرنے سے متعلق کیس میں سہیل آفریدی کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا۔
سماعت کے دوران عدالت نے سہیل آفریدی کی عدم پیشی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ اگر آئندہ سماعت پر بھی وہ پیش نہ ہوئے تو انہیں اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کی جائے گی۔
سہیل آفریدی کے خلاف نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر رکھا ہے۔
عدالت نے بعد ازاں مقدمے کی مزید سماعت تین ستمبر تک ملتوی کر دی۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس 9 نومبر کو وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کے خلاف اسلام آباد میں ریاستی اداروں کے خلاف بیانات اور گمراہ کن معلومات پھیلانے کے الزام میں سرکار کی مدعیت پر پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔