کوٹلی اور میرپور ڈویژن میں انٹرنیٹ سروس بحال ہونا شروع

کوٹلی میں بھی 43 دن بعد بحالی، بعض علاقوں میں رفتار تاحال سست

July 23, 2026 · قومی

فائل فوٹو

آزاد کشمیر کے میرپور ڈویژن میں معطل انٹرنیٹ سروس بحال ہونا شروع ہوگئی ہے۔

میرپور ڈویژن میں گزشتہ 47 روز سے انٹرنیٹ سروس معطل تھی، جس کے بعد اب سروس کی بحالی کا عمل شروع ہو گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق کوٹلی ڈویژن میں بھی 43 دن بعد انٹرنیٹ سروس بحال ہوگئی ہے، تاہم بعض علاقوں میں انٹرنیٹ کی رفتار تاحال سست ہے اور مکمل بحالی کا انتظار کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ آزاد کشمیر میں امن و امان کی صورتحال خراب ہونے کے باعث حکومت کی جانب سے انٹرنیٹ سروس پر پابندی عائد کی گئی تھی، جس سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

گزشتہ روز پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا تھا کہ آزاد کشمیر میں 40 دن سے فون اور انٹرنیٹ بند ہے، ایسے میں ڈیجیٹل میڈیا پر انتخابی مہم کیسے چلائی جا سکتی ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ جن علاقوں میں امن و امان کی صورتحال خراب ہے، وہاں انٹرنیٹ کی محدود پابندی لگائی جا سکتی ہے، تاہم پورے آزاد کشمیر میں انٹرنیٹ بندش سے اجتماعی سزا کا پیغام جا رہا ہے۔

انتظامیہ کے مطابق جلد تمام علاقوں میں مکمل انٹرنیٹ سروس بحال کر دی جائے گی۔ شہریوں نے حکومت سے مستقبل میں بلا تعطل انٹرنیٹ سروس کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔