پی ڈی ایم اے نے پنجاب اور سندھ میں بارشوں اور اربن فلڈنگ کا الرٹ جاری کر دیا

31 جولائی سے 2 اگست تک سندھ کے مختلف اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارشوں کا امکان ہے

July 28, 2026 · ماحولیاتی تغیر

لاہور: صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب اور سندھ نے آئندہ چند روز کے دوران متوقع مون سون بارشوں کے پیش نظر شہریوں اور متعلقہ اداروں کے لیے الرٹ جاری کر دیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق 31 جولائی سے 2 اگست تک سندھ کے مختلف اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارشوں کا امکان ہے۔ کراچی، حیدرآباد، میرپورخاص، سکھر، لاڑکانہ، بدین، تھرپارکر، عمرکوٹ، سانگھڑ، خیرپور، جیکب آباد، شکارپور، گھوٹکی، کشمور، قمبر شہدادکوٹ، ٹھٹھہ، جامشورو، مٹیاری، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الہ یار اور شہید بینظیر آباد بھی بارشوں سے متاثر ہو سکتے ہیں۔

ادارے نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں کے باعث کئی نشیبی علاقے زیر آب آ سکتے ہیں، جبکہ میرپورخاص، نواب شاہ، سکھر، حیدرآباد، ٹھٹھہ، بدین، سانگھڑ، خیرپور، مٹھی اور عمرکوٹ میں اربن فلڈنگ کا خدشہ بھی موجود ہے۔

پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ نکاسی آب کے لیے ضروری مشینری، پمپس اور دیگر وسائل تیار رکھے گئے ہیں، جبکہ کنٹرول روم چوبیس گھنٹے فعال ہے اور صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے اور پیشگی حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کر دی گئی ہے۔

شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، نشیبی علاقوں سے دور رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں سے فوری رابطہ کریں۔

دوسری جانب پی ڈی ایم اے پنجاب نے بھی مون سون بارشوں کے چوتھے اسپیل کے حوالے سے الرٹ جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ 29 جولائی سے 5 اگست تک صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کا امکان ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق لاہور، قصور، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ، خوشاب، میانوالی، لیہ، بھکر، نورپور تھل، سرگودھا، ساہیوال، اوکاڑہ اور پاکپتن میں موسلادھار بارش متوقع ہے، جبکہ بہاولپور، بہاولنگر، رحیم یار خان، خانیوال، ملتان، وہاڑی، لودھراں، مظفرگڑھ، کوٹ ادو، ڈیرہ غازی خان اور راجن پور میں 31 جولائی سے 3 اگست کے دوران بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔