جاپان میں 7.1 شدت کا شدید زلزلہ، شاپنگ مال کی دوسری منزل گرنے سے متعدد افراد ملبے تلے دب گئے

زلزلے کے نتیجے میں کم از کم 50 افراد زخمی ہو گئے جب کہ ہزاروں گھروں کی بجلی منقطع اور ٹرانسپورٹ نظام شدید متاثر

July 28, 2026 · بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

ٹوکیو: جاپان کے جنوب مغربی علاقے میں 7.1 شدت کے طاقتور زلزلے کے بعد ایک شاپنگ سینٹر میں متعدد افراد کے پھنس جانے کی اطلاعات ہیں۔

زلزلے کے نتیجے میں کم از کم 50 افراد زخمی ہو گئے جب کہ ہزاروں گھروں کی بجلی منقطع اور ٹرانسپورٹ نظام شدید متاثر ہوا ہے۔

حکام کے مطابق زلزلے کے بعد کوماموتو پریفیکچر میں واقع ایون مال میں دھماکے کی اطلاع بھی ملی ہے۔

زلزلہ مقامی وقت کے مطابق شام چار بج کر 27 منٹ پر جزیرۂ کیوشو میں آیا، جس کے بعد تقریباً تین لاکھ افراد کو محفوظ مقامات اور امدادی پناہ گاہوں میں منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی۔

حکام نے مختصر وقت کے لیے سونامی کی وارننگ بھی جاری کی، جسے تقریباً ایک گھنٹے بعد واپس لے لیا گیا۔

ہنگامی امدادی اداروں کا کہنا ہے کہ کوماموتو پریفیکچر کے ایون مال کے اندر متعدد افراد پھنسے ہوئے ہیں جنھیں نکالنے کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

فائر ڈیپارٹمنٹ کے مطابق کاشیما شہر میں ایک شاپنگ کمپلیکس کی دوسری منزل منہدم ہو گئی، جس کے نتیجے میں متعدد افراد ملبے تلے پھنس گئے ہیں۔