لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارش، نشیبی علاقے زیرِ آب

اہم شاہراہوں اور سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی۔

July 29, 2026 · ماحولیاتی تغیر

لاہور: لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارش کے باعث معمولاتِ زندگی متاثر ہو گئے۔ متعدد نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے جبکہ اہم شاہراہوں اور سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہو چکا ہے، جس کے تحت آئندہ چند روز تک پنجاب کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا امکان ہے۔ لاہور میں بھی رات سے وقفے وقفے سے بارش جاری ہے، جس سے گرمی کی شدت میں نمایاں کمی آئی اور موسم خوشگوار ہو گیا۔

پی ڈی ایم اے نے پنجاب بھر میں بارشوں اور ممکنہ شہری سیلاب کے پیشِ نظر الرٹ جاری کر دیا ہے، جبکہ واسا لاہور نے نکاسیٔ آب کے لیے عملے کو مختلف شاہراہوں اور حساس مقامات پر تعینات کر دیا ہے تاکہ بارش کا پانی جلد از جلد نکالا جا سکے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق لاہور میں سب سے زیادہ بارش مغل پورہ میں 44 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، جبکہ تاجپورہ، جوہر ٹاؤن، چوک ناخدا، پانی والا تالاب، لکشمی چوک اور دیگر علاقوں میں بھی مختلف مقدار میں بارش ریکارڈ ہوئی۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق لاہور، راولپنڈی، گجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، فیصل آباد اور ملتان میں اربن فلڈنگ کا خدشہ موجود ہے، جبکہ مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

لاہور ٹریفک پولیس نے شہریوں کو بارش کے دوران محتاط ڈرائیونگ کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گاڑی مناسب رفتار سے چلائیں، اگلی گاڑی سے محفوظ فاصلہ رکھیں، اچانک بریک لگانے اور غیر ضروری اوور ٹیکنگ سے گریز کریں، جبکہ موٹر سائیکل سوار ہیلمٹ کا استعمال یقینی بنائیں۔

ادھر گجرانوالہ اور گردونواح میں رات سے جاری طوفانی بارش نے شہر کے متعدد علاقوں کو زیرِ آب کر دیا۔ انڈر پاسز میں پانی جمع ہونے سے آمدورفت معطل ہو گئی، جبکہ سول اسپتال روڈ، سیالکوٹ روڈ، کمشنر روڈ، ڈی سی روڈ، پسرور روڈ، گل روڈ، مین جی ٹی روڈ، حافظ آباد روڈ، ماڈل ٹاؤن اور پیپلز کالونی سمیت کئی علاقوں میں کئی کئی فٹ پانی کھڑا ہو گیا۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق گجرانوالہ میں اوسطاً 140 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ سب سے زیادہ 171 ملی میٹر بارش پیپلز کالونی میں ریکارڈ ہوئی۔ نوشہرہ روڈ، سیٹلائٹ ٹاؤن، عالم چوک، کھیالی اور دیگر علاقوں میں بھی شدید بارش ریکارڈ کی گئی۔

دوسری جانب سیالکوٹ میں دو گھنٹے کی مسلسل بارش کے باعث متعدد علاقے زیرِ آب آ گئے۔ کئی مقامات پر پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہو گیا، جبکہ شہریوں نے نکاسیٔ آب کے لیے انتظامات ناکافی ہونے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ بارش سے متاثرہ علاقوں کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔