ربیع الاول کا چاند یوم آزادی پر نظر آئے گا ، خالد اعجاز مفتی کی پیش گوئی
پاکستان میں ربیع الاول کا آغاز صفر المظفر کے 30 ایام مکمل کرنے کے بعد ہفتہ 15 اگست سے ہو گا ،خالد اعجاز مفتی
فائل فوٹو
اسلام آباد:ہلال ریسرچ کونسل کے سیکریٹری جنرل خالد اعجاز مفتی نے پیش گوئی کی ہے کہ ربیع الاول کا چاند یوم آزادی پر نظر آئے گا، ہفتہ 15 اگست کو یکم ربیع الاول ہوگی۔
ہلال ریسرچ کونسل کے سیکریٹری جنرل خالد اعجاز مفتی کے مطابق جمعرات 13 اگست کی شام ننگی آنکھ سے ہلال کی رویت ممکن نہیں ۔ ان کا کہنا ہے کہ ربیع الاول کا آغاز صفر المظفر کے 30 ایام مکمل ہونگے۔
نیا چاند بدھ 12 گست اور جمعرات 13 اگست 2026ء کی درمیانی شب پاکستانی وقت کے مطابق 10 بج کر 36 منٹ پر پیدا ہو گا۔ 29 صفر المظفر یعنی جمعرات 13 اگست 2026ء کی شام غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر جو رویت ہلال کے لئے 18 گھنٹوں سے زائد ہونی چاہیے، وہ پاکستان کے تمام علاقوں میں 20 گھنٹوں سے بھی زائد ہو گی ۔
دوسری جانب غروبِ شمس اور غروبِ قمر کے درمیان فرق، جو کم از کم 40 منٹ ہونا چاہیے وہ کراچی میں 32 منٹ جبکہ پشاور میں 27 منٹ ہو گا. چاند کی عُمر 18 گھنٹوں سے زائد ہونے کے باوجود غروبِ شمس اور غروبِ قمر کا فرق 40 منٹ سے کم ہونے کے باعث مطلع صاف ہُوا تو بھی جمعرات 13 اگست کی شام ہلال کی رویت ننگی آنکھ سے ممکن نہیں ۔
اِس طرح پاکستان میں ربیع الاول کا آغاز صفر المظفر کے 30 ایام مکمل کرنے کے بعد ہفتہ 15 اگست سے ہو گا اور
عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم 12 ربیع الاول 26 اگست بدھ کے روز ہو گی۔