میرپور میں دوسرے روز بھی شٹر ڈاؤن ہڑتال، جھڑپوں میں مزید 2 افراد جاں بحق

دوسرے دن بھی پہیہ جام اور کاروبار بند، میاں محمد ٹاؤن میں شدید کشیدگی

July 29, 2026 · اہم خبریں, قومی
فوٹو سوشل میڈیا

فوٹو سوشل میڈیا

میرپور شہر میں پولیس کی جانب سے فائرنگ کے واقعات اور اس کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکتوں کے خلاف دوسرے روز بھی میرپور، چکسواری، ڈڈیال اور اسلام گڑھ میں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال رہی۔

تمام بڑے کاروباری مراکز بند رہے، پبلک ٹرانسپورٹ معطل رہی جبکہ سڑکوں پر نجی گاڑیوں کی آمدورفت بھی معمول سے انتہائی کم دیکھی گئی۔ شہر بھر میں کشیدگی برقرار رہی اور شہریوں میں شدید بے چینی پائی گئی۔

ذرائع کے مطابق میرپور کے گنجان آباد علاقے میاں محمد ٹاؤن میں رات گئے تک پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ جاری رہا۔ اس دوران پولیس کی جانب سے فائرنگ اور آنسو گیس کی شیلنگ بھی کی گئی، جس کے نتیجے میں توقیر اور یاسر نامی دو نوجوان جاں بحق ہو گئے جبکہ محمد عمران نامی ایک پولیس اہلکار ٹانگ میں گولی لگنے سے زخمی ہو گیا۔ میاں محمد ٹاؤن اور گردونواح میں صورتحال تاحال کشیدہ ہے جبکہ سکیورٹی فورسز کی بھاری نفری تعینات ہے۔