مہاجرین کی نشستوں پر آزاد کشمیر اسمبلی انتخابات کے لیے راولپنڈی ڈویژن میں سیکیورٹی پلان تیار

پولیس، انتظامیہ نے 175 پولنگ اسٹیشنز کی نگرانی کے لیے تیاریاں مکمل کرلیں

July 31, 2026 · قومی

فائل فوٹو

 

راولپنڈی ڈویژن میں 2 اگست کو مہاجرین نشستوں پر ہونے والے آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے لیے انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے فول پروف سکیورٹی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال اور مری کے چار حلقوں میں مجموعی طور پر 175 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔ ان پولنگ اسٹیشنوں کی سکیورٹی پر 4 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔ راولپنڈی ریجن پولیس نے ووٹرز کو محفوظ ماحول میں حق رائے دہی کی فراہمی کو اپنی اولین ترجیح قرار دیا ہے۔

آر پی او راولپنڈی کا بیان

ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) بابر سرفراز الپا نے کہا کہ آزاد، شفاف اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ حساس اور انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنوں پر خصوصی نگرانی اور مؤثر گشت یقینی بنایا جائے گا۔ سکیورٹی پلان پر من و عن عملدرآمد ہر صورت میں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ مشکوک افراد، مشکوک سرگرمیوں اور غیر قانونی اسلحہ پر کڑی نظر رکھی جائے گی۔ انتخابی قوانین اور ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ ضلعی انتظامیہ، الیکشن کمیشن اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل رابطہ اور مؤثر کوآرڈینیشن برقرار رکھا جائے گا۔

آر پی او نے مزید کہا کہ پولیس افسران خود فیلڈ میں موجود رہ کر انتخابی سکیورٹی کی نگرانی کریں گے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ضابطۂ اخلاق کی پابندی کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع پولیس کو دیں۔

راولپنڈی شہر میں خصوصی انتظامات

سی پی او راولپنڈی حسن مشتاق سکھیرا کی ہدایات پر راولپنڈی پولیس نے شہر میں جامع سکیورٹی پلان تیار کیا ہے۔ راولپنڈی میں 100 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں جہاں 3100 سے زائد پولیس افسران فرائض سرانجام دیں گے۔ ٹریفک پولیس کے 200 سے زائد افسران ٹریفک مینجمنٹ کے ذمہ دار ہوں گے۔

پولنگ اسٹیشنز تھانہ سٹی، گنجمنڈی، رتہ امرال، پیرودھائی، وارث خان، بنی، نیو ٹاؤن، صادق آباد، چکلالہ، سول لائنز، کینٹ، ریس کورس، ٹیکسلا، واہ کینٹ، صدر بیرونی، دھمیال، چکری، چونترہ، روات، مندرہ، گوجرخان، جاتلی، کلرسیداں اور کہوٹہ کے علاقوں میں قائم کیے گئے ہیں۔

سی پی او حسن مشتاق سکھیرا نے کہا کہ پولنگ اسٹیشنوں پر فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ پولنگ میٹریل کی بحفاظت ترسیل کے لیے بھی خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ الیکشن کمیشن کے قواعد و ضوابط پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کی حفاظت اور امن و امان کی برقراری اولین ترجیح ہے۔ انتخابات کے پورے عمل کی تکمیل تک فول پروف سکیورٹی انتظامات جاری رہیں گے۔

انتخابات کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں نے شہریوں سے تعاون کی اپیل کی ہے تاکہ انتخابی عمل پرامن اور شفاف طریقے سے مکمل ہو سکے۔