براڈ پیک پر حادثے کاشکار تمام 10 کوہ پیماجان سے گئے۔2 خواتین شامل

عالمی شہرت یافتہ نرمل پرجا کی کمپنی نے تعزیتی بیان جاری کردیا

August 1, 2026 · اہم خبریں

 

دنیا کی بلند ترین 14 چوٹیوں کو تیز ترین مدت میں سر کرنے کا عالمی ریکارڈ قائم کرنے والے معروف نیپالی کوہ پیما نرمل پرجا پاکستان میں ایک مہم کے دوران برفانی تودہ گرنے سے جان سے چلے گئے۔نرمل پرجا سمیت تمام 10 کوہ پیماؤں کی ہلاکت کی تصدیق کر دی گئی ہے۔ ان میں 2خواتین بھی شامل ہیں۔

ان کی کمپنی نے ہفتے کو اس کی تصدیق کی۔ ان کی مہم کا انتظام کرنے والی کمپنی ایلیٹ ایکسپیڈ نے انسٹاگرام پر جاری بیان میں کہا کہ آج ہم انتہائی دکھ اور گہرے رنج کے ساتھ اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ نرمل ’نِمزدائی‘ پرجا براڈ پیک پر برفانی تودہ گرنے کے نتیجے میں المناک طور پر جان کی بازی ہار گئے۔

کمپنی نے مزید کہا کہ ہمیں اس بات کی بھی تصدیق موصول ہوئی ہے کہ مہم کے دیگر ارکان بھی افسوس ناک طور پر زندہ نہیں بچ سکے۔

43 سالہ نرمل پرجا اور ان کے ساتھ موجود نو دیگر کوہ پیما جمعرات سے لاپتا تھے، جب پاکستان کے گلگت بلتستان میں واقع8ہزار150 میٹربلند براڈ پیک پر ان پر برفانی تودہ آ گرا تھا۔جمعرات کو دوپہر کے قریب یہ 10 رکنی کوہ پیماؤں کا گروپ برفانی تودے کی زد میں آ گیا تھا۔ان میں چھ کوہ پیما نیپال سے تعلق رکھتے تھے۔ دیگر کا تعلق پاکستان، عمان، امریکہ اور چین سے تھا۔

گلگت بلتستان کے وزیر سیاحت نیک نام کریم نے بتایا کہ براڈ پیک حادثے کے بعد تین لاشیں سکردو منتقل کی جا چکی ہیں، عمانی اور نیپالی کوہ پیماؤں کی میتوں کی وطن واپسی کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔