باجوڑ اور خیبر میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، “فتنہ الخوارج” کے 10 دہشت گرد ہلاک
دہشت گرد عناصر کے قلع قمع کے لیے آپریشن "11 گرج" کامیابی سے جاری ہے۔ترجمان پاک فوج
فائل فوٹو
راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے اضلاع باجوڑ اور خیبر میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران “فتنہ الخوارج” (ٹی ٹی پی) کے 10 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشت گرد عناصر کے قلع قمع کے لیے آپریشن “11 گرج” کامیابی سے جاری ہے۔ مصدقہ انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر کی جانے والی حالیہ کارروائیوں میں باجوڑ کے علاقے شاکرو میں مساجد کو پناہ گاہ بنانے والے فتنہ الخوارج کے 2 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔
علاوہ ازیں ضلع خیبر کے علاقوں دربی خیل اور بٹان میں بھی سیکیورٹی فورسز نے موثر کارروائی کرتے ہوئے مزید 8 خوارج کو جہنم واصل کر دیا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں علاقے کو دہشت گردوں سے پاک کرنے اور امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے کی جا رہی ہیں۔ سیکیورٹی فورسز اور ملکی سلامتی کے ادارے ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اپنا عزم برقرار رکھتے ہوئے آپریشنز جاری رکھیں گے۔