سوات: کبل تھانے کے قریب دھماکہ، 13 افراد جاں بحق،20زخمی
خودکش بمبار نے تھانہ کبل میں داخل ہونے کی کوشش کی، روکنے پر خودکو گیٹ کے سامنے اڑا لیا، پولیس
فائل فوٹو
سوات :خیبر پختونخوا کے ضلع سوات کے علاقے کبل میں پولیس اسٹیشن کے قریب خود کش دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 13 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہو گئے۔شہدا میں 5 پولیس اہل کار اور 8 عام شہری شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں 14 پولیس اہلکار اور اور 6 عام شہری شامل ہیں۔
مقامی ذرائع کے مطابق یہ واقعہ اتوار کی شام اُس وقت پیش آیا جب کبل پولیس اسٹیشن کے بالکل قریب مقامی افراد کا ایک ’امن مظاہرہ‘ جاری تھا۔ مظاہرے کے دوران اچانک ہونے والے دھماکے سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور بھگڈر مچ گئی۔
ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) مالاکنڈ سید فدا حسین نے بتایا کہ کبل پولیس اسٹیشن کے گیٹ کے قریب دھماکا ہوا ہے اور دھماکے کے وقت مقامی نوجوانوں کا احتجاج بھی جاری تھا تاہم احتجاج والا مقام دھماکے کی جگہ سے دور تھا۔
انہوں نے بتایا کہ خودکش بمبار نے تھانہ کبل میں داخل ہونے کی کوشش کی، تاہم پولیس اہلکار نے خود کش کو اندر داخل ہونے سے روکا، جس پر خودکش بمبار نے تھانے کے گیٹ پر خود کو اڑایا۔
ترجمان سوات پولیس کے مطابق دھماکے کی نوعیت کے تعین کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔دھماکہ اُس وقت ہوا جب سوات میں دہشت گردی کے بڑھتے واقعات کے خلاف لوگ ’امن مظاہرہ‘ کر رہے تھے۔
ترجمان ریسکیو 1122 بلال احمد فیضی نے کہا کہ کبل میں دھماکے کی اطلاع ملتے ہی زخمیوں کو اسپتال منتقل کرنے کے لیے ریسکیو ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچ گئیں، ریسکیو 1122 کی میڈیکل ٹیمیں اور ایمبولینسز فوری طور پر جائے وقوع کی جانب روانہ کر دی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ سوات کے علاقے کبل میں ہونے والے مبینہ دھماکے میں اب تک 9 افراد جاں بحق ہوئے ہیں اور 15 سے زائد زخمیوں کو ریسکیو1122 نے مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا ہے، اس وقت امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
ترجمان ریسکیو 1122 نے بتایا کہ دھماکے کے زخمیوں کو ریسکیو1122 نے کبل اور سیدو شریف اسپتال منتقل کیا ہے اورامدادی کارروائیاں جاری ہیں۔