پیپلز پارٹی نے ایکشن کمیٹی کے کیساتھ مل کر مظفرآباد میں ہنگامہ کروایا ، رانا ثناء کا الزام
شہر میں ہمارے امیدوار نے 2800 ووٹ سے سیٹ ہاری ہے، یہ ہماری جیتی ہوئی نشست تھی، ہمارے ساتھ اپ سیٹ ہوا ہے، نجی ٹی وی سے گفتگو
فائل فوٹو
اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللّٰہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے کالعدم ایکشن کمیٹی کے افراد کے ساتھ مل کر مظفرآباد میں ہنگامہ کروایا۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللّٰہ کا کہنا تھا کہ ہنگامہ اس لیے کروایا تاکہ کشیدگی ہو اور اس سے شہر میں خوف وہراس پھیلے۔
انہوں نے کہا کہ یہ چاہتے تھے کہ ٹرن آؤٹ کم ہو اور اگر شہر میں ٹرن آؤٹ زیادہ ہوتا تو ہمارے امیدوار کا فائدہ تھا اور ہمارے امیدوار کو 4 سے 5 ہزار ووٹ زیادہ مل سکتے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ ان لوگوں نے ٹائروں کو آگ لگائی اور جب پولیس گئی تو پولیس پر فائر کیا گیا، جب کراس فائرنگ ہوئی تو اس سے نقصان ہوا اور شہر میں کم ووٹ ڈالے گئے۔
وزیراعظم کے مشیر سیاسی امور نے کہا کہ شہر میں ہمارے امیدوار نے 2800 ووٹ سے سیٹ ہاری ہے، یہ ہماری جیتی ہوئی نشست تھی، ہمارے ساتھ اپ سیٹ ہوا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دوبارہ الیکشن کے مطالبے کی کیا اہمیت ہے، لاکھوں لوگوں نے حق رائے دہی استعمال کیا، ایکشن کمیٹی نے اپنے طرف سے انتخابات سبوتاژ کرنے کی کوشش کی لیکن وہ ناکام رہی۔
انہوں نے کہا کہ جب ایک ہی جماعت کی حکومت ہوگی تو وہ بہتر طریقے سے مسائل کا حل نکالے گی۔ ہمیں طعنہ دیا جاتا ہے کہ مہاجر نشستیں لے کر حکومت بنا لیتے ہیں۔
قبل ازیں وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان امیر مقام کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثناءاللہ نے کہا کہ ن لیگ 45 میں سے 23 نشستوں پر کامیابی حاصل کر چکی ہے اور 10 تاریخ کو انتخابات کے تیسرے مرحلے کے فوری بعد پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس بلایا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ دوسرے مرحلے میں 20 نشستوں پر انتخابات ہوئے، جس میں سے ن لیگ نے 13 نشستوں پر کامیابی حاصل کی جبکہ پیپلز پارٹی محض 3 نشستیں ہی حاصل کر سکی، ن لیگ نے مظفر آباد کی 4 نشستیں بھی اپنے نام کیں۔
وزیراعظم کے مشیر کا کہنا تھا کشمیر کے عوام نے نواز شریف کے وژن کو ووٹ دیا جس پر ہم شکر گزار ہیں اور تمام کامیاب امیدواروں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ آزاد کشمیر میں ایک جمہوری اور عوامی مینڈیٹ سے حکومت بننے جا رہی ہے۔