صدر اور وزیراعظم کا یومِ استحصال کشمیر پر کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی

یکطرفہ یا غیر قانونی اقدامات سے کشمیر کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازع حیثیت تبدیل نہیں کی جا سکتی۔

August 5, 2026 · اہم خبریں

اسلام آباد: یومِ استحصال کشمیر کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کی حمایت جاری رکھے گا۔

صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا قیام مسئلہ کشمیر کے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل سے وابستہ ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال اور بھارتی اقدامات کا نوٹس لے۔ صدر کا کہنا تھا کہ یکطرفہ یا غیر قانونی اقدامات سے کشمیر کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازع حیثیت تبدیل نہیں کی جا سکتی۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ گزشتہ برسوں کے دوران مقبوضہ جموں و کشمیر میں کیے گئے بھارتی اقدامات کے باعث کشمیری عوام کو مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، تاہم ان کے حوصلے اور عزم میں کوئی کمی نہیں آئی۔

انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کا تنازع جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے لیے ایک اہم اور دیرینہ مسئلہ ہے، جس کا حل طاقت کے استعمال یا یکطرفہ فیصلوں سے نہیں بلکہ مذاکرات، انصاف اور بین الاقوامی قوانین کے مطابق ممکن ہے۔

وزیراعظم نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پائیدار حل کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ پاکستان کشمیری عوام کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت ہر سطح پر جاری رکھے گا۔