یومِ استحصالِ کشمیر کے حوالے سےکنٹونمنٹ بورڈ پشاور میں برینڈنگ۔ریلی کا انعقاد

شہر کے مختلف مقامات پر بینرز، فلیکسز اور آگاہی مواد آویزاں

August 5, 2026 · کائنات کے رنگ

 

کنٹونمنٹ بورڈ پشاور کے زیرِ اہتمام یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پرکشمیری عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور بھارتی غیر قانونی اقدامات کے خلاف بھرپور ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی کی قیادت کنٹونمنٹ ایگزیکٹو آفیسر، چوہدری بابر حسین نے کی۔

ریلی میں کنٹونمنٹ بورڈ پشاور کے افسران و ملازمین، کنٹونمنٹ بورڈ کے تعلیمی اداروں کے اساتذہ، طلبہ و طالبات، کنٹونمنٹ جنرل ہسپتال کے ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل اور دیگر عملے کے علاوہ شہریوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔ شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی، بھارتی مظالم کی مذمت اور حقِ خود ارادیت کی حمایت میں مختلف نعرے درج تھے۔

تقریب کے دوران مقبوضہ جموں و کشمیر کے شہداء کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور کشمیر کی آزادی، پاکستان کی سلامتی اور امتِ مسلمہ کے اتحاد کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔

شرکاء نے کشمیری عوام کے حقِ خود ارادیت کے حق میں بھرپور آواز بلند کی اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور کشمیری عوام کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ان کا بنیادی حق دلانے کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کرے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کنٹونمنٹ ایگزیکٹو آفیسر چوہدری بابر حسین نے کہاکہ پاکستان ہمارا وطن ہے اور ہم کشمیری پاکستانی ہیں۔ کشمیری عوام کے ساتھ ہماری یکجہتی ہمیشہ قائم رہے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت ہر سطح پر جاری رکھے گا اور 5 اگست 2019 کے بھارتی یکطرفہ اقدامات بین الاقوامی قوانین اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کی صریح خلاف ورزی ہیں، جنہیں کسی صورت قبول نہیں کیا جا سکتا۔

کنٹونمنٹ بورڈ پشاور کی جانب سے یومِ استحصالِ کشمیر کے حوالے سے خصوصی آگاہی مہم بھی چلائی گئی، جس کے تحت شہر کے مختلف مقامات پر آؤٹ ڈور برینڈنگ، بینرز، فلیکسز اور آگاہی مواد آویزاں کیا گیا تاکہ عوام میں مسئلہ کشمیر کے حوالے سے شعور اجاگر کیا جا سکے اور کشمیری عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے جذبے کو فروغ دیا جا سکے۔

ریلی کے اختتام پر شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہر محاذ پر کھڑی رہے گی اور ان کے حقِ آزادی اور حقِ خود ارادیت کے حصول تک اپنی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گی۔