پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کے سربراہان سے صومالیہ کے وزیر دفاع کی ملاقاتیں

دفاعی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق ،صومالیہ کے وزیر دفاع کا اظہارِ تشکر

August 5, 2026 · اہم خبریں, قومی
فوٹو آئی ایس پی آر

فوٹو آئی ایس پی آر

راولپنڈی: آئی ایس پی آر کے مطابق وفاقی جمہوریہ صومالیہ کے وزیر دفاع، سفیراحمد معلم فقی کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطح کے دفاعی وفد نے نیول ہیڈکوارٹرز اور ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا اور پاک بحریہ و پاک فضائیہ کے سربراہان سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔

نیول ہیڈکوارٹرز کی آمد پر صومالیہ کے وزیر دفاع اور ان کے وفد نے امیر البحر ایڈمرل نوید اشرف (چیف آف دی نیول اسٹاف) سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی پیشہ ورانہ دلچسپی کے امور، علاقائی سمندری سیکیورٹی اور دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر گفتگو کی گئی۔

چیف آف دی نیول اسٹاف نے صومالیہ کے ساتھ دفاعی اور بحری تعلقات کو مزید تقویت دینے کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔

بعد ازاں وفد نے ایئر ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو (چیف آف دی ایئر اسٹاف) سے ملاقات کی۔

ملاقات میں دوطرفہ دفاعی تعاون، پیشہ ورانہ اشتراکِ عمل اور صلاحیتوں میں اضافے (Capacities Building) پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایئر چیف نے صومالی ایئر فورس کے ساتھ ادارہ جاتی تعاون کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے پاک فضائیہ کی خودملکی صلاحیتوں، تربیتی سہولیات اور پیشہ ورانہ تبادلوں کے بارے میں آگاہ کیا۔

صومالیہ کے وزیر دفاع کا اظہارِ تشکر

صومالیہ کے وزیر دفاع احمد معلم فقی نے علاقائی بحری سیکیورٹی کو یقینی بنانے میں پاک بحریہ کے کلیدی کردار کی تعریف کی اور پاک فضائیہ کی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔

دونوں اطراف نے افواج کے درمیان تربیتی پروگراموں اور مشترکہ تعاون کے دائرہ کار کو مزید وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔