وزیراعظم کے آج دورہ سعودی عرب سے پہلے سرکاری اعلامیہ،بات چیت حالیہ بحران تک محدود نہیں ہوگی
وزیراعظم شہباز شریف 6 سے 8 اگست تک سعودی عرب کا سرکاری دورہ کریں گے
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف کے آج سے شروع ہونے والے سعودی عرب کے سرکاری دورے سے قبل دفتر خارجہ نے اہم اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دورہ صرف موجودہ علاقائی بحرانوں تک محدود نہیں ہوگا بلکہ دونوں برادر ممالک کے درمیان طویل المدتی اسٹریٹجک تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر بھی توجہ دی جائے گی۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف 6 سے 8 اگست تک سعودی عرب کا سرکاری دورہ کریں گے۔ ان کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ، چیف آف آرمی اسٹاف، چیف آف ڈیفنس فورسز اور دیگر وفاقی وزرا پر مشتمل اعلیٰ سطحی وفد بھی موجود ہوگا۔
دفتر خارجہ کے مطابق دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے ملاقات کریں گے، جس میں پاک سعودی تعلقات، اقتصادی تعاون، سرمایہ کاری، دفاعی شراکت داری، علاقائی سلامتی اور عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اگرچہ یہ دورہ خلیجی خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پس منظر میں ہو رہا ہے، تاہم دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات صرف فوری بحرانوں یا قلیل مدتی مسائل تک محدود نہیں رہیں گے، بلکہ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے، اسٹریٹجک تعاون کو وسعت دینے، باہمی دلچسپی کے علاقائی و بین الاقوامی معاملات پر ہم آہنگی بڑھانے اور کثیرالجہتی تعاون کو فروغ دینے پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی۔
دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دہائیوں پر محیط باہمی اعتماد، برادرانہ تعلقات اور تعاون اس دورے کی بنیاد ہیں، اور یہ دورہ دونوں ممالک کی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے میں اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔