وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب کے سرکاری دورے پر روانہ
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر دفاع خواجہ آصف، وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، معاونِ خصوصی طارق فاطمی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی سعودی عرب گئے ہیں۔
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف سعودی عرب کے تین روزہ سرکاری دورے پر روانہ ہو گئے، جہاں وہ سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے اہم ملاقات کریں گے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق وزیراعظم کے ہمراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر دفاع خواجہ آصف، وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، معاونِ خصوصی طارق فاطمی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی سعودی عرب گئے ہیں۔
دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے درمیان دوطرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون، سرمایہ کاری، دفاعی شراکت داری اور خطے کی تازہ صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔
حکام کے مطابق اس دورے کا مقصد پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنا اور مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینا ہے۔
دوسری جانب وزیراعظم کی زیر صدارت ہونے والا وفاقی کابینہ کا اجلاس بھی مؤخر کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق کابینہ کا اجلاس وزیراعظم کے دورۂ سعودی عرب کے باعث ملتوی کیا گیا، جبکہ نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔