راولپنڈی کمیٹی چوک میں بارش کے دوران 6 سالہ بچی نالے میں جا گری ، تلاش جاری

مہمان روانہ ہو رہے تھے،اسی دوران حریم اچانک غائب ہو گئی ، ریسکیو 1122 کا سرچ آپریشن جاری

August 6, 2026 · قومی

فائل فوٹو

راولپنڈی : مصروف علاقے کمیٹی چوک میں موسلادھار بارش کے دوران ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ممکنہ طور پر 6 سالہ بچی حریم قریبی نالے میں گر کر لاپتہ ہو گئی۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی واٹر ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور بچی کی تلاش کے لیے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کر دیا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق بچی کے والد اہل خانہ اور مہمانوں کو گاڑی میں بٹھا رہے تھے کہ اسی دوران حریم اچانک نظروں سے اوجھل ہو گئی۔

اس وقت شدید بارش کے باعث نالوں میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند تھی اور تیز ریلے گزر رہے تھے، جس پر ریسکیو حکام نے خدشہ ظاہر کیا کہ بچی ممکنہ طور پر نالے میں جا گری ہے۔

ریسکیو 1122 کے مطابق سرچ آپریشن میں پانچ ایمرجنسی گاڑیاں اور بارہ سے زائد تربیت یافتہ اہلکار حصہ لے رہے ہیں، جبکہ کارروائی کو مؤثر بنانے کے لیے ٹیموں کو دو حصوں میں تقسیم کر کے نالے کے مختلف مقامات پر تلاش جاری رکھی گئی ہے۔

لاپتہ بچی کے ماموں محمد سمیر نے بتایا کہ ان کے گھر مہمان آئے ہوئے تھے جو واپس روانہ ہو رہے تھے، تمام افراد گاڑی میں سوار ہو رہے تھے کہ اسی دوران حریم اچانک غائب ہو گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ شدید بارش کے باعث سڑکوں اور نالوں میں پانی جمع تھا، جس سے خدشہ ہے کہ بچی پھسل کر نالے میں جا گری۔

دوسری جانب پولیس نے بھی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ضابطے کی کارروائی اور تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ بچی کے لاپتہ ہونے کی وجوہات کا تعین کیا جا سکے