پاکستان سمیت 8 اسلامی ممالک کی غزہ کے ہسپتالوں پر اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت
آبادکاروں کی نئی بستیاں اور یروشلم کی تاریخی و قانون حالت تبدیل کرنے کی کوششیں ناقابلِ قبول ہیں، مشترکہ اعلامیہ
فائل فوٹو
امان: پاکستان سمیت 8 اسلامی ممالک نے غزہ میں اسپتالوں اور طبی مراکز پر اسرائیلی حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق 8 اسلامی ممالک میں پاکستان، مصر، ترکیہ، انڈونیشیا، اردن، قطر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) شامل ہیں۔
اس حوالے سے جاری مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی کارروائیاں غزہ امن منصوبے کے دوسرے مرحلے اور مستقل جنگ بندی کی کوششوں کو نقصان پہنچا رہی ہیں۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ غزہ کے ساتھ مقبوضہ مغربی کنارے میں آبادکاروں کے حملے اور نئی بستیاں ناقابل قبول ہیں جبکہ مقبوضہ بیت المقدس کی حیثیت تبدیل کرنے کی کوششیں بھی ناقابل قبول ہیں۔
مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ سلامتی کونسل اسرائیل کو بین الاقوامی قانون پر عمل درآمد اور خلاف ورزیوں کے ذمہ داروں کا احتساب یقینی بنائے۔
اعلامیہ کے مطابق مقبوضہ فلسطینی علاقوں پر اسرائیلی خودمختاری مسلط کرنے اور فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کی ہر کوشش مسترد کرتے ہیں۔
مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ 1967 کی سرحدوں پر مشرقی بیت المقدس کو دارالحکومت بنا کر آزاد فلسطینی ریاست ہی مسئلے کا واحد منصفانہ حل ہے