تھائی لینڈکے اسکول میں طالبعلم کی فائرنگ سے ٹیچرسمیت5افرادہلاک

ایسا کبھی نہیں ہونا چاہیے تھا،ہمارے ملک میں ایسا کیسے ہو سکتا ہے: وزیراعظم انوتین چرن

August 7, 2026 · بام دنیا

فائل فوٹو

تھائی لینڈ کے ایک اسکول میں طالب علم کی فائرنگ کے نتیجے میں ٹیچر سمیت 5 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ حملہ آور نے بھی خودکشی کرلی۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق بنکاک کے مضافات میں واقع نونتھابوری اسکول میں فائرنگ کے واقعے میں 15 افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں ایمبولینسوں کے ذریعے اسپتال منتقل کیا گیا۔

فائرنگ کے واقعے کے فوری بعد بڑی تعداد میں طلبہ اسکول سے باہر نکل آئے جبکہ کچھ بچوں کے والدین بھی واقعے کی اطلاع ملتے ہی اسکول پہنچ گئے۔

تھائی پولیس کے ترجمان لیفٹیننٹ کرنل تری رونگ نے میڈیا کو بتایا کہ مشتبہ حملہ آور بھی ہلاک ہونے والے 7 افراد میں شامل ہے، حملے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

ایک طالبعلم نے رائٹرز کو بتایا کہ ابتدا میں اسے لگا کہ شاید پٹاخے چل رہے ہیں، بہت سی گولیاں چلیں، پھر خاموشی چھا گئی، اور اس کے بعد دوبارہ فائرنگ شروع ہو گئی۔

تھائی لینڈ کے وزیراعظم انوتین چرن ویراکول نے واقعے کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا ایسا کبھی نہیں ہونا چاہیے تھا، ہمارے ملک میں ایسا کیسے ہو سکتا ہے؟