حافظ نعیم الرحمٰن کا 9 اگست کو لاہور میں وزیر اعلیٰ ہاؤس کی طرف مارچ کا اعلان

دیگر صوبوں میں گورنر ہاؤسز پر دھرنے ہوں گے، لاہور میں منعقدہ احتجاجی مظاہرے سے خطاب

August 7, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

 لاہور :پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی نے ملک گیر  احتجاج کیا، مختلف شہروں میں مظاہرے کیے گئے۔

اسلام آباد میں چُنگی نمبر 26 میں راستہ کھلوانے کے معاملے پر پولیس کا جماعت اسلامی کے کارکنوں سے تصادم ہوا، رہنما جماعت اسلامی لیاقت بلوچ  نے کہا پولیس جماعت اسلامی کے کارکنوں کو ہراساں کرنے کے بجائے اپنا کام کرے۔

راولپنڈی، کراچی، پشاور اور کوئٹہ میں بھی احتجاجی مظاہرے کیے گئے ، گوجرانوالا، ڈیرہ غازی خان، سرگودھا، ٹھٹہ، مٹیاری، شکارپور، خیرپور، کندھ کوٹ، ٹنڈوالہ یار، ایبٹ آباد، ملاکنڈ اور دیگر شہروں میں بھی احتجاج ہوا ، ٹریفک جام کی وجہ سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا رہا۔

 لاہور میں منعقدہ احتجاجی مظاہرے سے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے خطاب کرتے ہوئے کہا سسٹم نے اپنی ناکامی کا اعتراف کرلیا ہے۔

حافظ نعیم نے کہا 9 تاریخ کو آپ نے لاہور کے تخت کی طرف مارچ کرنا ہے، ہم سی ایم ہاؤس کی طرف مارچ کریں گے اور بیٹھ جائیں گے، دیگر صوبوں میں گورنر ہاؤسز کے سامنے تاریخی دھرنوں کا آغاز ہوگا۔

حافظ نعیم نے کہا انہوں نے پیٹرول کی قیمت بڑھائی اور ٹیکس بھی بڑھا دیا،  جب قیمتیں کم ہوئیں تو انہوں نے قیمتیں کم نہیں کیں،  یہ اب تک 8 ہزار ارب روپےکی لیوی وصول کرچکے ہیں، انہوں نے اپنی نااہلی اور کرپشن چھپانے کی کوشش کی ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے مطالبہ کیا کہ پیٹرول کی قیمت کو 225 روپے پر لایا جائے، انہوں نے  لیوی کو ختم اور  ٹیکسوں کو کم کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔