دھرنے کاحل نکلا توراولاکوٹ میں الیکشن ہو سکے گا:چیف الیکشن کمشنر
باغ، حویلی میں سکیورٹی انتظامات مکمل، راولاکوٹ کی پولنگ تاریخ اگلے سات دن میں متوقع
فائل فوٹو
چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر غلام مصطفیٰ مغل نے کہا ہے کہ تین چار دنوں تک دھرنے کا حل نکلتا ہے تو 20 یا 21 اگست تک راولاکوٹ میں انتخاب ممکن ہوگا۔
مظفرآباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر غلام مصطفیٰ مغل نے کہا کہ سکیورٹی وجوہات پر باغ اور حویلی میں پہلے پولنگ کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ باغ اور حویلی کے لیے سکیورٹی پہنچ چکی ہے ۔ پولنگ میٹریل کی ترسیل فوج کی نگرانی میں جاری ہے۔ انتہائی حساس پولنگ اسٹیشن پر 8 اہلکار تعینات ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ 9 اور 10 اگست کو باغ و حویلی میں انٹرنیٹ بحال کرانے کی کوشش ہے۔ اگلے 7 دن میں راولاکوٹ میں پولنگ کی تاریخ کا اعلان کرنے کی پوزیشن میں ہوں گے۔ تین چار دنوں تک دھرنے کا حل نکلتا ہے تو 20 یا 21 اگست تک راولاکوٹ میں انتخاب ممکن ہوگا۔
چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ سیاسی رہنماؤں کے الزامات کا جواب میں بیان بازی نہیں کرسکتے۔ دھاندلی ہوئی یا نہیں یا کس نے کی، الیکشن مکمل ہونے پر حقائق سامنے لائیں گے۔ ووٹوں کی گنتی امیدواروں کے پولنگ ایجنٹ کی موجودگی میں کی جاتی ہے۔