بھارتی فلم ڈائریکٹر33 سالہ اداکارہ سےمبینہ زیادتی کے الزام پر گرفتار

فلم ڈائریکٹر نےکام کے بہانے بلا کرجنسی زیادتی کانشانہ بنایااور ویڈیوبنا کرکئی سال تک استحصال کیا،اداکارہ

August 10, 2026 · کائنات کے رنگ

فائل فوٹو

بھارتی پولیس نے معروف فلم ڈائریکٹر شکیل نورانی کو 33 سالہ اداکارہ کی جانب سے مبینہ جنسی زیادتی کے الزام کے بعد گرفتار کرلیا ہے۔ شکیل نورانی ’بڑے دل والا‘ (1999) اور ’جورو کا غلام‘ (2000) سمیت متعدد فلموں کی ہدایت کاری کرچکے ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ نے پولیس کو دیے گئے بیان میں الزام عائد کیا کہ شکیل نورانی سے ان کی ملاقات کام کے سلسلے میں ہوئی تھی، جہاں فلمی منصوبے کے حوالے سے گفتگو کے بعد انہیں گھر بلایا گیا۔ اداکارہ کا دعویٰ ہے کہ یہ واقعہ 2016 میں پیش آیا، جب ڈائریکٹر نے مبینہ طور پر انہیں نشہ آور چیز دی اور اس کے بعد جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔

اداکارہ کے مطابق واقعے کے دوران مبینہ طور پر نازیبا ویڈیوز بھی بنائی گئیں جسے بنیاد بنا کر انہیں ڈرایا دھمکایا جاتا رہا۔ اور بلیک میل کرکے فلم ساز نے کئی سال تک جنسی استحصال کا نشانہ بنایا۔ پولیس نے شکایت اور الزامات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے شکیل نورانی کو 8 اگست کی صبح حراست میں لے لیا۔

بعد ازاں عدالت میں پیش کیے جانے پر شکیل نورانی کو 12 اگست 2026 تک پولیس ریمانڈ پر بھیج دیا گیا، جبکہ پولیس کی جانب سے معاملے کے مختلف پہلوؤں کی مزید تفتیش جاری ہے۔

دوسری جانب فلم ڈائریکٹر کے وکیل ایڈووکیٹ وکاس سنگھ گور نے ان پر عائد تمام الزامات مسترد کردیے ہیں۔ وکیل کا مؤقف ہے کہ ان کے موکل کو ایک جھوٹے مقدمے میں پھنسایا گیا ہے اور جب تک عدالت میں جرم ثابت نہ ہوجائے، شکیل نورانی کو بے قصور تصور کیا جانا چاہیے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ کیس کی تحقیقات جاری ہیں اور شواہد و بیانات کی روشنی میں معاملے کی مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔