امریکی فوجی ہیلی کاپٹر نے ایران کے قریب بحری جہاز کو فائرنگ کا نشانہ بنا دیا
جہاز نے ایرانی بندرگاہوں کے گرد عائد امریکی بحری ناکہ بندی پر مامور اہلکاروں کی وارننگز کو نظر انداز کیا اور آگے بڑھنے کی کوشش کی، امریکی الزام
خلیج عمان میں امریکی فوج نے ایرانی بندرگاہوں کی ناکہ بندی توڑنے کی کوشش کرنے والے مال بردار جہاز کو فائرنگ کا نشانہ بنا دیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی فوجی ہیلی کاپٹر نے پاناما پرچم بردار تجارتی جہاز کے رڈر یعنی پتوار کو نشانہ بنایا۔ فوری طور پر کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
خیال رہے کہ رڈر (پتوار) جہاز کی سمت تبدیل کرنے میں مدد دینے والا اہم حصہ ہوتا ہے اس لیے اسے نشانہ بنانا جہاز کی نقل و حرکت محدود کرنے کی کوشش تصور کی جا رہی ہے۔
امریکا نے الزام عائد کیا کہ اس جہاز نے ایرانی بندرگاہوں کے گرد عائد امریکی بحری ناکہ بندی پر مامور اہلکاروں کی وارننگز کو نظر انداز کیا اور آگے بڑھنے کی کوشش کی۔
برطانوی میری ٹائم رسک مینجمنٹ گروپ وینگارڈ اور دیگر بحری سلامتی کے ذرائعوں نے بھی تصدیق کی کہ امریکی ہیلی کاپٹر نے جس جہاز کو نشانہ بنایا اس کی شناخت ویلا نوا کے نام سے ہوئی ہے۔
ابتدائی اطلاعات میں بتایا گیا کہ جہاز خلیج عمان میں پاکستان کے ساحل سے تقریباً 71 ناٹیکل میل دور تھا جب اسے میزائل سے نشانہ بنائے جانے کا واقعہ پیش آیا۔ سمندری سلامتی کے ذرائع کے مطابق جہاز کو میزائل لگنے کے بعد اس میں آگ بھڑک اٹھی جس پر بعد میں قابو پا لیا گیا۔