خیبر ٹیچنگ ہسپتال پشاور میں یوم آزادی پر تقریبات۔ بچوں کی خصوصی شرکت
پرچم کشائی اور شجرکاری۔ کیک بھی کاٹاگیا
خیبر ٹیچنگ ہسپتال پشاور میں پاکستان کے یومِ آزادی پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پرچم کشائی، شجرکاری اور کیک کاٹنے کی تقریبات منعقد ہوئیں۔ تقریبات میں ہسپتال کی انتظامیہ، فیکلٹی، ڈاکٹرز، نرسز اور دیگر ملازمین نے بھرپور شرکت کی۔محکمہ سکیورٹی کی جانب سے سلامی پریڈ بھی پیش کی گئی۔
تقریب کے مہمانانِ خصوصی ہسپتال ڈائریکٹر ڈاکٹر سجاد اللہ داوڑ، میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر اویس نعیم، ایسوسی ایٹ ہسپتال ڈائریکٹر ڈاکٹر نثار احمد اور ایسوسی ایٹ میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر ارم صابر علی تھے۔ہسپتال ڈائریکٹر ڈاکٹر سجاد اللہ داوڑ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم ورک اور باہمی تعاون ہی کامیابی کی بنیاد ہے، اگر ہم متحد ہو کر کام کریں تو خیبر ٹیچنگ ہسپتال کی خدمات کو مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے۔میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر اویس نعیم نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان ہمارا ملک ہے اور ہمیں اپنی ذمہ داریوں کو محض فرض سمجھ کر نہیں بلکہ دل سے ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے یومِ آزادی کے موقع پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی ترقی میں ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
ایسوسی ایٹ ہسپتال ڈائریکٹر ڈاکٹر نثار احمد نے کہا کہ خیبر ٹیچنگ ہسپتال ایک خاندان کی مانند ہے اور ہم ہر مشکل اور ہر صورتحال میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ انہوں نے ملازمین پر زور دیا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں ایمانداری، خلوص اور محنت کے ساتھ ادا کریں۔ایسوسی ایٹ میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر ارم صابر علی نے بچوں کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ آپ پاکستان کا مستقبل ہیں، اس لیے محنت کریں، دل لگا کر تعلیم حاصل کریں اور اپنے ملک کا نام روشن کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہم آج جو کچھ کر رہے ہیں، وہ آنے والی نسلوں کے بہتر مستقبل کے لیے ہے، اس لیے ہمیشہ آگے بڑھتے رہیں اور چمکتے رہیں۔
تقریب کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی ۔ شرکاء نے قومی جذبے کے ساتھ یومِ آزادی کی خوشیاں منائیں۔