آزاد کشمیرحکومت سازی کے اہم فیصلے نوازشریف کریں گے۔پارٹی اجلاس میں فیصلہ
وزیرِ اعظم، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے ناموں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا
فائل فوٹو
آزاد کشمیر میں حکومت سازی کے حوالے سے مسلم لیگ (ن) کی مرکزی قیادت کا مری میں ہونے والا اہم اجلاس ختم ہوگیا۔ اجلاس کی صدارت مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں نواز شریف نے کی۔
اجلاس میں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، حمزہ شہباز سمیت وفاقی وزرا اور مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کے ارکان شریک ہوئے۔
مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر، سیکریٹری جنرل چوہدری طارق فاروق، سابق وزیراعظم راجا فاروق حیدر اور دیگر اجلاس میں شریک ہوئے۔ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران میاں نواز شریف نے آزاد کشمیر کے انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے پر مسلم لیگ (ن) کے ارکان کو مبارکباد دی اور انتخابات میں پارٹی کی کامیابی پر اطمینان کا اظہار کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں آزاد کشمیر میں حکومت سازی اور آئندہ کی سیاسی حکمت عملی کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی، تاہم اہم فیصلے اب میاں نواز شریف کی جانب سے کیے جائیں گے۔ذرائع کے مطابق آزاد کشمیر حکومت کے قائد ایوان، اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر، صدر ریاست اور موسٹ سینیئر وزیر سمیت دیگر اہم عہدوں کے حوالے سے بھی پارٹی قیادت کی جانب سے مشاورت کی گئی ہے۔
مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر اسمبلی کی مخصوص نشستوں کے امیدواروں کے نام بھی پارٹی قیادت کو موصول ہوچکے ہیں۔ ٹیکنوکریٹ اور اوورسیز نشستوں کے لیے مجموعی طور پر 6، خواتین کی نشستوں کے لیے 10 علما کی نشستوں کے لیے 3 سے زیادہ امیدواروں کے نام پارٹی قیادت تک پہنچ چکے ہیں۔ذرائع کے مطابق آزاد کشمیر میں حکومت سازی کے حوالے سے اب اہم سیاسی اور تنظیمی فیصلے میاں نواز شریف کریں گے، حکومت کے قیام، کابینہ کی تشکیل اور اہم آئینی و پارلیمانی عہدوں کے بارے میں حتمی حکمت عملی بھی ان کی منظوری سے طے کیے جانے کا امکان ہے۔
مسلم لیگ (ن) کی جانب سے آزاد کشمیر اسمبلی کے قائد ایوان، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کا عمل آئندہ ہفتے مکمل کیے جانے کا امکان ہے۔