عمران خان کی پمز منتقلی عدالتِ عظمیٰ کے احکامات کی واضح خلاف ورزی ہے: ترجمان پی ٹی آئی

عمران خان کی تمام طبی رپورٹس فوری طور پر منظرِ عام پر لائی جائیں: شیخ وقاص اکرم کا مطالبہ

August 21, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقلی اور طبی معائنے سے متعلق صورتحال اتنی سادہ نہیں جتنی وفاقی وزیرِ اطلاعات بیان کر رہے ہیں۔

شیخ وقاص اکرم نے اپنے ایک بیان میں وفاقی حکومت کے موقف کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حکومت اپنی عدالتِ عظمیٰ کے احکامات سے انحراف اور ناکامیوں کو چھپانے کے لیے پی ٹی آئی کے کارکنوں پر من گھڑت الزامات عائد کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کا حکم بالکل واضح تھا کہ عمران خان کو جامع طبی معائنے اور علاج کے لیے شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کیا جائے اور ان کے ذاتی معالج ڈاکٹر فیصل سلطان پر مشتمل میڈیکل بورڈ تشکیل دیا جائے۔ لیکن حکومت نے عدالت کے صریح احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے رات کی تاریکی میں یہ کارروائی کی اور بانی پی ٹی آئی کو پمز (PIMS) منتقل کیا، جس سے حکومت کی نیت اور بیانیے میں موجود تضاد کھل کر سامنے آگیا ہے۔

ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ جماعت کی جانب سے پہلے ہی کارکنوں کو ہدایت کی گئی تھی کہ اسپتال کے باہر کوئی جمع غفیر یا مظاہرہ نہ کیا جائے تاکہ بانی پی ٹی آئی کے علاج میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔ اس کے باوجود سیکورٹی خطرات کا بہانہ بنا کر حقیقت کو مسخ کیا جا رہا ہے۔

شیخ وقاص اکرم نے حکومت سے پرزور مطالبہ کیا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی تمام طبی رپورٹس کو فوری طور پر عدالت اور عوام کے سامنے پیش کیا جائے اور عدالتِ عظمیٰ کے فیصلوں پر ان کی روح کے مطابق عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔