ٹرمپ شینزن پہنچ گئے، امریکہ، روس اور چین کے صدور کا تاریخی مصافحہ

ایپیک اجلاس کے موقع پر شینزن میں عالمی رہنماؤں کی اہم ملاقاتوں کا سلسلہ جاری

November 18, 2026 · بام دنیا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ چین کے شہر شینزن پہنچ گئے

شینزن :امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ چین کے شہر شینزن پہنچ گئے، جہاں چینی صدر شی جن پنگ نے شینزن باؤآن انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ان کا استقبال کیا۔ ٹرمپ کی آمد پر ایئرپورٹ پر سرخ قالین بچھایا گیا تھا۔

روسی صدر پوتن اپنے چینی ہم منصب سے ملنے کے بعد اسٹیج سے جا چکے تھے لیکن ٹرمپ کی آمد پر واپس آگئے اور امریکی صدر سے تاریخی مصافحہ کیا۔

امریکی صدر کا طیارہ شینزن باؤآن انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اترا، جہاں چینی صدر شی جن پنگ نے خود ان کا خیرمقدم کیا۔

ایشیا پیسفک اکنامک تعاون (ایپیک) اجلاس کے موقع پر ان کی چینی صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پوتن کے ساتھ سہ فریقی ملاقات بھی متوقع ہے۔

اس سے قبل چینی صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پوتن کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں نے چین اور روس کے تعلقات کو سراہا۔

چینی سرکاری میڈیا کے مطابق شی جن پنگ نے کہا کہ بیجنگ اور ماسکو کے تعلقات پہاڑ کی طرح مضبوط ہیں اور طوفانوں سے متزلزل نہیں ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات نے عالمی سطح پر غیر یقینی صورت حال اور کشیدگی کے ماحول میں استحکام فراہم کیا ہے۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے پر بھی زور دیا۔

دوسری جانب شینزن میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ اعلیٰ سطح کی ملاقاتوں کے باعث شہر میں غیر معمولی سرگرمیاں دیکھی جارہی ہیں۔