اسرائیلی پارلیمنٹ میں نیتن یاہو دور کے متنازع قوانین کی منسوخی کا عمل شروع

اپوزیشن، صحافتی تنظیموں اور نگران اداروں کی جانب سے قانون پر شدید تنقید

November 18, 2026 · بام دنیا

اسرائیلی پارلیمنٹ میں نیتن یاہو دورکے متنازع قوانین کی منسوخی کا عمل شروع

اسرائیل: اسرائیل کی نئی پارلیمنٹ نے سابق وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے دور میں منظور کیے گئے متنازع میڈیا قانون کو منسوخ کرنے کے بل کی 49 کے مقابلے میں 63 ووٹوں سے منظوری دے دی ہے، جس کا مقصد نشریاتی میڈیا اور خبروں کے شعبے پر حکومتی کنٹرول بڑھانے والے قانون کو ختم کرکے سابقہ ریگولیٹری نظام بحال کرنا ہے۔

وزیر مواصلات شلومو کارہی کی سربراہی میں پیش کیا گیا یہ قانون جولائی میں منظور ہوا تھا، جس کے تحت میڈیا کے ضوابط میں بڑی تبدیلیاں کی گئی تھیں۔ قانون نے دیرینہ نگرانی کے نظام، کم از کم صحافتی معیارات، مقامی اسرائیلی پروڈکشنز میں سرمایہ کاری کی پابندیوں اور مختلف میڈیا اداروں کی مشترکہ ملکیت پر عائد پابندیاں ختم کردی تھیں۔

اس قانون کے ذریعے حکومت کو ٹیلی ویژن ریٹنگز اور سرکاری اشتہارات کی تقسیم پر بھی زیادہ اثر و رسوخ حاصل ہوگیا تھا۔

قانون سازی پر اپوزیشن ارکان، میڈیا تنظیموں اور گڈ گورننس کے نگران اداروں نے شدید تنقید کرتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ اس سے آزادی صحافت اور میڈیا کی خودمختاری متاثر ہوگی۔

بعد ازاں ہائی کورٹ آف جسٹس نے آئینی خلاف ورزیوں اور طریقہ کار کی سنگین خامیوں کی نشاندہی کرنے والی درخواستوں پر سماعت کے بعد قانون کے بعض حصوں پر عمل درآمد معطل کردیا تھا۔

بی یاچد (B’Yachad) پارٹی کے رکن پارلیمنٹ ایتان گنزبرگ اور دیگر قانون سازوں کی جانب سے پیش کردہ منسوخی کے بل کا مقصد سابقہ ریگولیٹری ڈھانچے کو بحال کرنا ہے۔

بل میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ آزادی اظہار اور میڈیا پر دور رس اثرات مرتب کرنے کے باوجود قانون کی تیاری کے دوران طریقہ کار کی سنگین خامیاں موجود تھیں اور پیشہ ورانہ و قانونی جانچ پڑتال بھی ناکافی تھی۔

پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے ایتان گنزبرگ نے قانون سازی کو غیر منظم اور اندرونی تضادات و بنیادی مسائل سے بھرپور قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس قانون کو منسوخ کرکے نشریاتی شعبے کو نئے سرے سے مگر درست انداز میں منظم کیا جانا چاہیے۔

دوسری جانب وزیر مواصلات شلومو کارہی نے قانون کی منسوخی کی کوشش کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بائیں بازو کی اجارہ داری پہلے ہی ختم ہوچکی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ قانون منسوخ کرنے کے باوجود اس انقلاب کو روکا نہیں جاسکے گا اور نہ ہی نئے اور متنوع اداروں کا راستہ بند کیا جاسکے گا۔ انہوں نے اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ آرا کے تنوع کی حامی نہیں اور شفافیت و سچائی سے خوفزدہ ہے۔

بل کو اب انتظامات کمیٹی (ارینجمنٹس کمیٹی) کے سپرد کیا جائے گا، جس سے توقع ہے کہ وہ اسے بی یاچد پارٹی کی رکن پارلیمنٹ میراو بن آری کی سربراہی میں قائم عارضی کمیٹی کو بھیجے گی، جہاں اس پر غور و خوض کیا جائے گا۔

بل کو باقاعدہ قانون کی شکل دینے کے لیے پارلیمنٹ کے مزید تین مراحل (ریڈنگز) سے گزر کر منظوری حاصل کرنا ہوگی۔