کراچی ایئرپورٹ کی پارکنگ میں لفٹر سے اٹھاتے ہوئے الیکٹرک کار کو آگ کیوں لگی؟

الیکٹرک گاڑیوں کی بیٹریاں پچھلی سیٹ کے نیچے ہوتی ہیں، فورک لفٹر کے علاوہ اونچے اسپیڈ بریکر بھی خطرہ ہیں

November 19, 2026 · قومی

کراچی ایئرپورٹ کی پارکنگ میں لفٹر سے اٹھاتے ہوئے الیکٹرک کار کو آگ کیوں لگی؟

کراچی ایئرپورٹ کی پارکنگ میں لفٹر سے اٹھاتے ہوئے لاکھوں روپے مالیت کی ہائبرڈ کار میں آگ لگ گئی۔ عینی شاہدین کے مطابق لفٹنگ کے دوران گاڑی کی وائرنگ شارٹ ہونے سے اس کی حساس بیٹریوں نے آگ پکڑ لی، جس کے نتیجے میں گاڑی مکمل طور پر جل کر خاکستر ہوگئی۔

ذرائع کے مطابق کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی پارکنگ میں گاڑی کو آگ لگنے کا واقعہ گزشتہ ہفتے پیش آیا۔ جناح ٹرمینل آنے والے ایک شخص نے مبینہ طور پر اپنی گاڑی نو پارکنگ ایریا میں کھڑی کی تھی۔

جناح ٹرمینل پر پارکنگ کا انتظام چلانے والی نجی کمپنی نو پارکنگ میں کھڑی گاڑیوں کو لفٹر کے ذریعے اٹھا کر بھاری جرمانے وصول کرتی ہے۔ کمپنی کے لفٹر آپریٹر نے جیسے ہی گاڑی کو اٹھایا، اس کے اندر آگ بھڑک اٹھی۔ تاہم لفٹر ڈرائیور جلتی ہوئی گاڑی کو دوسری گاڑیوں سے بچاتے ہوئے پارکنگ کے سنسان مقام تک پہنچانے میں کامیاب ہوگیا۔

ذرائع کے مطابق ایئرپورٹس اتھارٹی کے فائر فائٹرز کے پہنچنے تک قیمتی گاڑی مکمل طور پر جل چکی تھی۔

عینی شاہدین نے جیو نیوز کو بتایا کہ جلنے والی گاڑی ہائبرڈ تھی اور لفٹنگ کے وقت اس کی وائرنگ شارٹ ہوگئی، جس کے بعد گاڑی کی حساس بیٹریوں نے آگ پکڑ لی۔ ایئرپورٹ حکام نے بھی تصدیق کی کہ گاڑی کو لفٹنگ کے دوران آگ لگی۔

ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ لفٹر آپریٹرز غیر تربیت یافتہ ہیں، جس کی وجہ سے لفٹنگ کے دوران اکثر گاڑیوں کو نقصان پہنچتا رہتا ہے۔ ذرائع نے الزام لگایا کہ بھاری جرمانے وصول کرنے کے لیے غیر ضروری طور پر بھی گاڑیاں اٹھائی جاتی ہیں۔

دوسری جانب اطلاع ہے کہ گاڑی کے مالک نے نجی کمپنی کے خلاف نقصان کا دعویٰ دائر کر دیا ہے۔

جناح ٹرمینل کی پارکنگ میں بیک وقت سیکڑوں گاڑیاں کھڑی ہوتی ہیں، تاہم وہاں نہ تو فائر ہائیڈرنٹ موجود ہیں اور نہ ہی آگ پر فوری قابو پانے کا کوئی دوسرا انتظام ہے۔

پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کا مؤقف

اس حوالے سے ترجمان پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کا کہنا ہے کہ جناح ٹرمینل کی پارکنگ میں کار میں آگ لگنے کے واقعے سے ادارہ باخبر ہے، تاہم یہ نکتہ توجہ طلب ہے کہ آگ گاڑی کو لفٹ کرتے ہوئے لگی یا اس کے بعد لگی۔

ترجمان کے مطابق گاڑی جلنے کا معاملہ بنیادی طور پر گاڑی کے مالک، پارکنگ کی ٹھیکے دار کمپنی اور پولیس کے درمیان ہے، تاہم پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی تحقیقات میں مکمل تعاون کر رہی ہے۔

ترجمان پی اے اے نے مزید بتایا کہ تحقیقات کے لیے جناح ٹرمینل کی سی سی ٹی وی فوٹیج پولیس کے ساتھ شیئر کی جا رہی ہے۔