جمہوریہ کانگو کے چیف آف ڈیفنس کی فیلڈ مارشل عاصم منیر و دیگر سے ملاقات
دونوں ممالک کے درمیان دفاعی و سیکیورٹی تعاون کو وسیع اور مضبوط بنانے کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔
فوٹو آئی ایس پی آر
راولپنڈی : پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جمہوریہ کانگو کے اعلیٰ سطح دفاعی وفد جس کی قیادت چیف آف ڈیفنس فورسز لیفٹیننٹ جنرل بانزا مویلمبو جولس کر رہے تھے، نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے اہم ملاقات کی۔
جی ایچ کیو آمد پر معزز مہمان کو مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔
ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دفاعی و سیکیورٹی تعاون کو وسیع اور مضبوط بنانے کے لیے ایک اہم مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔

دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور جمہوریہ کانگو کے درمیان دیرینہ و خوشگوار تعلقات پر کامل اطمینان کا اظہار کیا۔ اجلاس میں باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
جی ایچ کیو دورے سے قبل افریقی وفد نے چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف اور چیف آف ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے بھی الگ الگ ملاقاتیں کیں، جن میں باہمی عسکری تعاون کے فروغ پر بات چیت کی گئی۔

جمہوریہ کانگو کے چیف آف ڈیفنس فورسز نے پاک مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، درپیش چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیت اور خطے میں امن کے قیام کے لیے ان کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے دفاعی شعبے میں خود انحصاری اور مقامی سطح پر پیش رفت کے حوالے سے پاکستان کی کاوشوں اعتراف بھی کیا۔