عمران خان کی اسپتال منتقلی،سپریم کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر
سپریم کورٹ کے 18 اگست 2026 کے حکم کی مبینہ خلاف ورزی ہوئی، جس پر ذمہ دار افراد کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع کی جائے۔درخواست میں مؤقف
فائل فوٹو
اسلام آباد: بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اسپتال منتقلی کے معاملے پر سپریم کورٹ کے حکم پر عمل درآمد نہ ہونے کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی گئی۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے 18 اگست 2026 کے حکم کی مبینہ خلاف ورزی ہوئی، جس پر ذمہ دار افراد کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع کی جائے۔
درخواست گزاروں نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ متعلقہ فریقین کو شوکاز نوٹس جاری کیے جائیں اور انہیں ذاتی حیثیت میں عدالت کے سامنے پیش ہونے کا حکم دیا جائے۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر عدالتی حکم کی خلاف ورزی ثابت ہو تو ذمہ دار افراد کو توہین عدالت کا مرتکب قرار دے کر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔
درخواست کے ذریعے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو فوری طور پر شفا انٹرنیشنل اسپتال اسلام آباد منتقل کرنے اور وہاں ان کا طبی معائنہ کرانے کی بھی استدعا کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ عدالتی حکم پر مؤثر انداز میں عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے کسی عدالتی افسر کی تعیناتی یا لوکل کمیشن مقرر کرنے کی درخواست بھی کی گئی ہے۔
توہین عدالت کی درخواست عزیر بھنڈاری اور سلمان اکرم راجا کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ عمران خان کی اسپتال منتقلی سے متعلق معاملے کی سماعت سپریم کورٹ پہلے ہی 16 ستمبر تک ملتوی کر چکی ہے۔