فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیر داخلہ محسن نقوی ایران روانہ

فیلڈ مارشل عاصم منیر دورۂ ایران کے دوران خطے کی صورتحال اور تنازع کے پرامن حل کے لیے جاری کوششوں پر توجہ دیں گے۔

August 24, 2026 · اہم خبریں
فائل فوٹو

فائل فوٹو

چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ایران کے دورے پر روانہ ہوگئے ہیں۔ وزیر داخلہ محسن نقوی بھی ان کے ہمراہ ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق یہ دورہ خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کا حصہ ہے۔ پاکستان مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن اور استحکام کے قیام کا خواہاں ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر دورۂ ایران کے دوران خطے کی صورتحال اور تنازع کے پرامن حل کے لیے جاری کوششوں پر توجہ دیں گے۔

دورے کے دوران ایرانی قیادت اور حکام سے اہم ملاقاتیں متوقع ہیں، جن میں علاقائی امن، باہمی تعلقات اور سکیورٹی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

پاکستان کی جانب سے یہ دورہ ایسے وقت میں کیا جا رہا ہے جب خطے میں کشیدگی کم کرنے اور سفارتی ذرائع سے مسائل کے حل کے لیے مختلف سطحوں پر رابطے جاری ہیں۔