فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر سے ملاقات، خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال
ہم اسلام آباد ایم او یو کی شرائط پر عمل درآمد کے لیے کوشاں ہیں،باقر قالیباف
فوٹو سوشل میڈیا
تہران: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف سے ملاقات کی، ایرانی میڈیا کے مطابق ملاقات میں خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق ایرانی اسپیکر باقر قالیباف ایرانی مذاکراتی ٹیم کے سربراہ بھی ہیں، ملاقات خطے میں امن و سلامتی کے فروغ کے لیے پاکستان کی جاری کوششوں کے سلسلے میں ہوئی۔
باقر قالیباف نے کہا کہ ہم اسلام آباد ایم او یو کی شرائط پر عمل درآمد کے لیے کوشاں ہیں، امریکہ کو مفاہمت نامے کے تحت اپنی ذمہ داریوں اور وعدوں کی پاسداری کرنا ہوگی۔
فیلڈمارشل سید عاصم منیر سے ایرانی وزیر داخلہ سکندرمومنی کی ملاقات
اس سے قبل چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ایران کے دورے پر تہران پہنچے، ایرانی وزیر داخلہ سکندر مومنی نے فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیر داخلہ محسن نقوی کا استقبال کیا، بعدازاں تفصیلی ملاقات بھی ہوئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا دورہ خطے میں امن واستحکام کے فروغ کیلئے پاکستانی کوششوں کا حصہ ہے، پاکستان مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن اور استحکام کا خواہاں ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ایران میں تنازع کے پرامن حل کیلئے کوششوں پر توجہ دیں گے۔