9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس: 47 اشتہاری مجرموں کو 10،10 سال قید
سزا پانے والوں میں عمر ایوب، زرتاج گل، شیخ راشد، مراد سعید، زلفی بخاری، علی امین گنڈاپور، شاندانہ گلزار، شہباز گل، حماد اظہر، اعظم سواتی و دیگر شامل
فائل فوٹو
راولپنڈی : انسداد دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) نے 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس میں 47 اشتہاری مجرموں کو 10،10 سال قید کی سزا سنا دی۔
اے ٹی سی نے 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس میں 47 اشتہاری مجرمان کا ٹرائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ جاری کردیا۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ سزا پانے والے مجرم 9 مئی کے واقعات کی سازش میں ملوث پائے گئے۔فیصلے میں مزید کہا گیا کہ جے آئی ٹی نے ان افراد کو 9 مئی کے واقعات کی منصوبہ بندی میں مرکزی ملزم قرار دیا تھا۔
فیصلے کے مطابق تمام مجرموں کو 10،10 سال قید کی سزا سنائی گئی جبکہ ان کی جائیداد ضبط کرنے کا بھی حکم دیا گیا۔ 19 گواہان کے بیانات ریکارڈ کروائے گئے اور تمام 47 اشتہاری مجرمان کا الگ الگ ٹرائل کیا گیا۔
فیصلے کے مطابق سزا پانے والوں میں عمر ایوب، زرتاج گل، شیخ راشد، مراد سعید، زلفی بخاری، علی امین گنڈاپور، شاندانہ گلزار، شہباز گل، حماد اظہر، اعظم سواتی، احمد چٹھہ، رائے حسن نواز، رائے مرتضیٰ، شوکت علی بھٹی، عثمان سعید بسرا، اعجاز خان جازی، شبلی فراز اور کنول شوزب اور دیگر شامل ہیں۔ 118 ملزمان میں سے 18 کو دوران ٹرائل اشتہاری قرار دیا گیا، جبکہ 29 ملزمان مقدمے کے اندراج کے بعد کسی عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔ مقدمے میں اب تک استغاثہ کے مجموعی طور پر 44 گواہان کے بیانات قلمبند کیے جاچکے ہیں۔
عدالت کے مطابق ملزمان جی ایچ کیو گیٹ، حمزہ کیمپ اور آرمی میوزیم پر حملوں میں ملوث پائے گئے۔ ان پر جلاؤ گھیراؤ، توڑ پھوڑ اور اہم سرکاری عمارتوں اور مقامات کو نقصان پہنچانے کے الزامات بھی عائد کیے گئے تھے۔