ملک بھر میں جشنِ میلاد النبی ﷺ مذہبی عقیدت سے منایا جا رہا ہے
کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ، ملتان اور دیگر شہروں میں جشنِ میلاد کے سلسلے میں مساجد، گھروں، بازاروں اور اہم شاہراہوں کو برقی قمقموں، سبز جھنڈوں اور خوبصورت آرائش سے سجایا گیا ہے
فائل فوٹو
ملک بھر میں خاتم النبیین حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی ولادتِ باسعادت کی مناسبت سے جشنِ میلاد النبی ﷺ مذہبی عقیدت و احترام اور جوش و خروش کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔
کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ، ملتان اور دیگر شہروں میں جشنِ میلاد کے سلسلے میں مساجد، گھروں، بازاروں اور اہم شاہراہوں کو برقی قمقموں، سبز جھنڈوں اور خوبصورت آرائش سے سجایا گیا ہے، جبکہ مختلف مقامات پر محافلِ میلاد، نعت خوانی، ریلیوں اور جلوسوں کا اہتمام کیا گیا۔
لاہور میں جشنِ میلاد النبی ﷺ کے موقع پر شہر کے مختلف علاقوں میں چراغاں کیا گیا۔ ٹاؤن ہال سمیت اہم عمارتوں اور گرین بیلٹس کو بھی برقی روشنیوں سے سجایا گیا، جبکہ ماڈل ٹاؤن میں مشعل بردار جلوس نکالا گیا جس میں بگھیاں اور اونٹ بھی شریک تھے۔
کراچی میں بھی جشنِ میلاد کی مناسبت سے مختلف علاقوں کو خوبصورتی سے سجایا گیا۔ کئی مقامات پر اسٹالز قائم کیے گئے جہاں موئے مبارک کی زیارت کا اہتمام کیا گیا، جبکہ مسجد نبوی ﷺ اور خانہ کعبہ کے ماڈلز بھی لوگوں کی توجہ کا مرکز بنے۔ مختلف علاقوں میں محافلِ میلاد اور ریلیاں بھی منعقد کی گئیں۔
پشاور میں نعت خوانی اور محافلِ میلاد کا انعقاد کیا گیا، جہاں عاشقانِ رسول ﷺ نے بارگاہِ رسالت ﷺ میں گلہائے عقیدت پیش کیے۔ کوئٹہ میں بھی مختلف مقامات پر چراغاں، محافلِ نعت اور جلوسوں کا اہتمام کیا گیا۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد بھی جشنِ میلاد النبی ﷺ کی مناسبت سے روشنیوں سے جگمگا اٹھا۔ شہر کے مختلف علاقوں میں چراغاں کیا گیا جبکہ مساجد میں خصوصی عبادات اور محافل کا اہتمام کیا گیا۔
ملک کے دیگر شہروں میں بھی جشنِ میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں خصوصی تقریبات جاری ہیں۔ عاشقانِ رسول ﷺ درود و سلام، نعت خوانی اور محافلِ ذکر کے ذریعے اپنی محبت اور عقیدت کا اظہار کر رہے ہیں۔