وزیراعظم شہباز شریف کا پمز نرسری آتشزدگی کا نوٹس، فوری تحقیقات کا حکم
نرسری میں نومولود بچوں کے ساتھ پیش آنے والا یہ واقعہ انتہائی افسوسناک اور ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پمز اسپتال کی نرسری میں آتشزدگی کے افسوسناک واقعے میں نومولود بچوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو مکمل تحقیقات کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نرسری میں نومولود بچوں کے ساتھ پیش آنے والا یہ واقعہ انتہائی افسوسناک اور ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔
شہباز شریف نے ہدایت کی کہ آتشزدگی کے اسباب اور واقعے سے متعلق تمام پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا جائے اور غفلت یا کوتاہی کے ذمہ دار افراد کا تعین کرکے ان کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے۔
وزیراعظم نے سانحے میں جاں بحق ہونے والے بچوں کے والدین اور اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس افسوسناک واقعے پر ان کا دل رنجیدہ ہے اور وہ غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔
انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ جاں بحق بچوں کے اہلخانہ کو یہ ناقابلِ برداشت صدمہ برداشت کرنے کی ہمت اور صبر عطا فرمائے۔